عوا م کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،گورنر سندھ

عوا م کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، جس میں میئر کراچی وسیم اختر اورمیئر حیدرآباد طیب حسین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے حیدرآباد کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری میگا پروجیکٹس میں ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات بھی دی گئیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے وضاحت کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، کراچی اور حیدرآباد کے شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی میں لوگوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ11 جولائی کو وزیر اعظم پاکستان کا کراچی کا دورہ متوقع ہے جس میں کراچی کے حوالہ سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اس ضمن میں کراچی کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کی درخواست پہلے ہی کردی ہے جبکہ کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی میئر کراچی کی آراء کو مدنظر رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے وہ گھر کھنڈر بن جاتا ہے اسی طرح شہروں میں انفرااسٹرکچر پر وقتاً فوقتاً توجہ دینا انتہائی نا گزیر ہے با الخصوص بڑے شہروں میں انفرااسٹرکچر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے ، کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے اس شہر کے انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ دینے سے ملک کا اقتصادی و معاشی پہیہ تیز رفتاری سے چلانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ،روشن خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد قدرتی بندرگاہ کے حامل شہر میں اقتصادی ، معاشی ، تجارتی اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے جس سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ،کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے ، وزیر اعظم پاکستان کراچی کو اس کا جائز مقام دلانے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے جہاں ترقیاتی کاموں کے نا ہونے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، وزیر اعظم پاکستان نے اپنے دورہ حیدرآباد میں شہر کی ترقی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تاکہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی ترقیاتی کاموں سے عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے ، وزیر اعظم کے اعلان کردہ پیکج کے مطابق ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی ایک بین الاقوامی شہر ہے ، شہریوں کو وفاقی حکومت سے بڑی توقعات ہیں ،منتخب شہری حکومت کو بھی وفاق سے امید ہے کہ وہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کے ساتھ ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے ۔ میئر حیدرآباد طیب حسین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ وزیر اعظم کے اعلان کردہیلتھ انشورنس کارڈ کا حیدرآباد میں آج سے اجرا ء کیا جا رہا ہے ، ہیلتھ کارڈ سے غریب افراد کو علاج معالجہ میں کافی مدد ملے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول