اداروں کے بجائے افراد کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے،ڈاکٹر سلیم حیدر

اداروں کے بجائے افراد کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے،ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں کے بجائے افراد کے مفادات کا تحفظ کیا جاتا رہا جس کے باعث پورا ملک کوکھلا ہوتا جارہا ہے ، حکمران اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ملک کے اداروں کو تباہ کرنے سے بھی گریز نہیں کررہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر اس ملک میں خونی انقلاب آئے گا اور پھر نہ کرپٹ حکمران بچ سکیں گے اور نہ ہی نااہل اور بدعنوان بیوروکریسی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں نے عوام کو معاشی ، ملک کو اقتصادی طورپر تباہ کردیا ہے ، اداروں میں نااہل اور بدعنوان افسران کو لگاکر ملک کی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ہے۔ سندھ میں پیپلزپارٹی نے جس بے رحمانہ انداز میں کرپشن کی ہے اگر اب بھی ان کا احتساب نہ ہوا تو پھر ملک کے عوام سسٹم سے مایوس ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کی حکمرانی ہے جو پہلے سندھ کے دیہی علاقوں کو تباہ کرنے کے بعد اب شہری علاقوں کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کو کھنڈر بنادیا گیا ہے ، ان شہروں کے رہنے والے مہاجر انتہائی کسمپرسی اور بدحالی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ مہاجر نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں جبکہ تعلیم کو تجارت بنادیا گیا ہے۔ سرکاری تعلیمی ادارے وزراء کی کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔