ڈیرہ میں تاجروں کا طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ ) توپانوالہ فیڈر پر اسی فیصد ریکوری کے باوجود کوڈ الاٹ نہ ہونے کے باعث چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج، ڈی ایس پی سٹی کی مداخلت کے بعد ریسکیو 15میں مذاکرات سوموار تک لوڈشیڈنگ کو 10گھنٹے کرنے کا مطالبہ تسلیم۔ بصورت دیگر سوموار کو دوبارہ احتجاج کی کال دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آج توپانوالہ بازار، رحیم بازار و دیگر محلہ جات کے تاجران و صارفین نے توپانوالہ فیڈر پر ظالمانہ چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد ڈی ایس پی سٹی پولیس فضل مولی ، ایس ایچ او سٹی سلیم نے تاجروں کے مطالبے پر واپڈا کے ایس ڈی او کینٹ شوکت اللہ اور سپرنٹنڈنٹ کو ریسیکو 15کے دفتر میں ہنگامی طورپر کال کرلیا جہاں پر تاجر نمائندوں سہیل اعظمی، ناظم حنیف پیا، ابراہیم ذوق ، ایس ڈی او شوکت اور سپرنٹنڈنٹ و دیگر شرکاء کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں ایس ڈی او شوکت نے کہا کہ آج سے لوڈشیڈنگ کو بارہ گھنٹے کرنے کا شیڈول جاری ہوگیاہے جبکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسے دس گھنٹے تک کیاجائے۔ انہوں نے پولیس افسران اور تاجر نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ سوموار تک ہمیں وقت دیاجائے ہم اس لوڈشیڈنگ کے شیڈول کو مزید کم کرکے دس گھنٹے تک کرنے کی کوشش کریں گے ۔ تاجر نمائندوں نے اس یقین دہانی پر اپنا احتجاج ملتوی کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر سوموار تک لوڈشیڈنگ مزید کم نہ ہوئی تو ہمارے احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کیاجائیگا۔