مردان میں مون سون کیلئے پیشگی تیاریاں ،اضافی عملہ اور مشینری تعینات کردی گئی:ناصر غفور خان

مردان میں مون سون کیلئے پیشگی تیاریاں ،اضافی عملہ اور مشینری تعینات کردی ...

  

مردان(بیورورپورٹ)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان ( ڈبلیو ایس ایس سی ایم )کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان نے مون سون کے پیش نظر عملہ صفائی اور نکاسی آب کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کاروائی کرنے پر زور دیا ہے۔ وہ جمعرات کے روز منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبراور منیجر ٹیکنیکل محمد ادریس خان کے ساتھ حالیہ مون سون کے سلسلے میں ہونے والی پلاننگ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اپنے بریفنگ میں منیجر میونسپل سروسز محمدخلیل اکبرنے بتایا کہ مون سون کے پیش نظر 39 افراد پر مشتمل مختلف ٹیمیں بنا دی گئی ہیں، جو رات کے اوقات میں بھی ایمرجنسی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایمر جنسی کے پیش نظر ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے پاس اپنے دستیاب وسائل بشمول 06ڈی واٹرنگ پمپس، 02پانی کے باؤذرز،01جیٹنگ مشین ، ندی نالوں کی صفائی کیلئے خصوصی یونیفارم اور آوزاراور دن کے اوقات میں نالیوں کی صفائی کیلئے اضافی58رکنی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جبکہ اس کے علاوہ اضافی مشینری یعنی 04ایکسکیویٹرز بھی حاصل کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر منیجر ٹیکنیکل محمد ادریس خان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر چھوٹی بڑی ندی نالوں میں مساجد میں مچھر مار سپرے کا انتظام کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ معمول کے مطابق شکایات سیل کھلا رہے گااور ہر قسم کی شکایات پر فوری کاروائی کی جائے گی۔ اپنے پیغام میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کہ ضرورت پر زور دیا تاکہ شہری بھی اس عوامی آگاہی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں اور ندی نالوں میں کچھرا پھینکنے سے گریز کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر صاف ستھرے مردان کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا اور عوامی تعاون کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔دریں اثناء ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی زیر نگرانی مختلف ندی نالوں میں بھاری مشینری سے صفائی کے کام کے معائنے کیلئے نائب ناظم مشتاق سیماب کے ہمراہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری کام کا معائنہ کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -