عوام کو مزید متحرک بنانے اور عوامی رابطہ مہم کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے :حیدر ہوتی

عوام کو مزید متحرک بنانے اور عوامی رابطہ مہم کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن کیلئے صوبہ بھر میں عوام کو مزید متحرک اور رابطہ عوام مہم میں تیزی لانے کیلئے تمام ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں ملاکنڈ اور پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر حیدر خان ہوتی نے تمام پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو رواں ماہ جولائی سے پارٹی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اب پی ٹی آئی اپنی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکی ہے اور عوام جان گئے ہیں کہ ان کے حقوق کا تحفظ اے این پی کے بغیر کوئی جماعت نہیں کر سکتی ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اے این پی پر الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ، اور قوم کو بتائیں کہ انہوں نے چار سال میں عوام کیلئے کیا کیاہے ؟، تبدیلی کے نام پر آنے والے صوبے کا پرانا نظام بھی لے ڈوبے اور نیا نظام بھی نہ دے سکے ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ صوبے میں کرپشن مافیا کا راج ہے اور آئے روز میڈیا میں ان کی کرپشن کہانیاں قوم کے سامنے آ رہی ہیں،صوبہ شہر نا پُرسان میں تبدیل ہو چکا ہے ، خزانہ لوٹ لیا گیا ہے اور بیرونی دنیا سے اتنے قرضے لئے گئے ہیں کہ اب انہیں چکانے کیلئے آنے والی حکومتوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر پختونوں کو دھوکہ دیا گیا اور چار سال سے مسلسل حکومت اے این پی کے شروع کردہ منصوبوں پر نئے سرے سے تختیاں لگا کر ان کا افتتاح کر رہی ہے تاہم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، پختون تبدیلی کی حقیقت جان چکے ہیں اور مستقبل میں وہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔صوبائی صدر نے رابطہ عوام مہم کیلئے شازیہ اورنگزیب کی سربراہی میں بنائی کمیٹی کو بھی ہدایت کی تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز سے رابطے کر کے ضلع کی سطح پر خواتین ووٹرز کو متحرک کریں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں،اجلاس میں مختلف آراء اور تجاویز بھی پیش کی گئیں جبکہ رابطہ عوام مہم کو مؤثر بنانے کیلئے تین مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں، پہلی کمیٹی کی قیادت مرکزی صدر اسفندیار ولی خان ، دوسری کی سربراہی میاں افتخار حسین جبکہ تیسری کمیٹی کی کمان امیر حیدر خان ہوتی کو سونپی گئی،تینوں کمیٹیاں مختلف اضلاع میں پارٹی کے ساتھیوں کے ساتھ رابطے کر کے رابطہ عوام مہم کو تیز کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی