کراچی شہر کی رونق نواز شریف کی مرہون منت ہے ،سینیٹر مشاہد اللہ

کراچی شہر کی رونق نواز شریف کی مرہون منت ہے ،سینیٹر مشاہد اللہ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی شہر کی روشنیوں کی بحالی میاں نواز شریف کی مرہون منت ہے ۔10سے سال صوبے پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو بھوک اور افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔سندھ سے نیب کا خاتمہ کرنے کا خواب دیکھنے والے اس طرح سے اپنے اربوں روپے کی کرپشن کو نہیں بچاسکتے ہیں ۔ان کو عوام سے لوٹے گئے ایک ایک پیسے کا جواب دینا ہوگا ۔احتساب کی بڑھک مارنے والے عمران خان آج الیکشن کمیشن سے چھپ رہے ہیں ۔بہتان خان کی نااہلی اب محض چند دنوں کی بات ہے ۔پی ایس 114میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔9جولائی کو محض روایتی کارروائی ہوگی ۔میں علی اکبر گجر کو کامیابی پر پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منظور کالونی میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار علی اکبر گجر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مسلم یگ (ن) کی تاریخ خدمت سے عبارت ہے ۔سازشی عناصر نے نوازشریف کا راستہ روک کر پاکستان کو راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں ۔یہ عناصر یاد رکھیں نوازشریف کی اصل طاقت عوام ہیں اور عوام کی طاقت سے ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا سفر جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے منہ سے کرپشن کے خلاف باتیں سن کر ہنسی آتی ہے ۔پیپلزپارٹی اس ملک میں کرپشن کی موجد ہے ۔سرے محل سے سوئٹزرلینڈ کے بینک اکاؤنٹس تک ان کی کرپشن کی داستانیں ملک کے بچے بچے کو پتہ ہیں ۔سندھ کو گزشتہ 9سال سے بے دردی سے لوٹا جارہا ہے اور اس پر یہ چاہتے ہیں کہ ان سے کوئی حساب لینے والا بھی نہ ہو ۔پیپلزپارٹی نے صوبے کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے ۔روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ دینے والوں نے عوام کو بھوک ،افلاس اور موت کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے ۔2018کے انتخابات میں پورے ملک کے عوام کی طرح سندھ کے عوام بھی ان کو مسترد کردیں گے ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک میں جھوٹ کی سیاست کا رواج قائم کیا ہے ۔عمران خان کا نظریہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ آخر کار وہ سچ لگنے لگے لیکن وہ نہیں جانتے کہ پاکستان کے عوام انتہائی باشعور ہیں اور وہ ان کی اصلیت سے بخوبی واقف ہیں ۔بہتان خان احتساب کا ڈھونگ رچاتے ہیں اور جب ان کے احتساب کی بات آتی ہے تو نتھیا گلی اور چترال فرار ہوجاتے ہیں ۔میاں نواز شریف کی نااہلی کا خواب دیکھنے والے یاد رکھیں کہ خود ان کی اپنی نااہلی کا وقت انتہائی قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی اصل طاقت عوام ہیں اور اس ہی طاقت کے بل بوتے پر وزیراعظم ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں سرگرم عمل ہیں ۔سازشی عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی اور 2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی اور میاں نواز شریف ایک مرتبہ پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ یہاں کراچی آکر مجھے انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے ۔بابائے قوم کے شہر کی روشنیاں ایک مرتبہ پھر بحال ہوگئی ہیں اور اس کا تمام تر سہرا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے سر ہے ۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے اور پی ایس 114سے اس نے ایک انتھک کارکن علی اکبر گجر کو ٹکٹ دے کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ اس جماعت کا کوئی بھی کارکن میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھ سکتا ہے ۔یہاں جلسہ عام میں عوام کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں اور 9جولائی کو محض ایک رسمی کارروائی ہوگی ۔اس حلقے سے ماضی میں کامیاب ہونے والوں نے یہاں کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔حالت یہ ہے کہ ایک ہفتہ قبل ہونے والی بارش کے پانی کی اب تک نکاسی نہیں ہوسکی ہے ۔علی اکبر گجر کامیاب ہو کر اس حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔میں علی اکبر گجر کو ان کی کامیابی پر پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -