میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 20 اگست کو ہوگا

میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 20 اگست کو ہوگا

ملتان(وقائع نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام صوبہ پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں داخلوں کیلئے انٹری ٹسٹ 20اگست 2017ء کو ہوگا۔ ٹسٹ ملتان سمیت 13شہروں میں بیک وقت صبح 9 بجے شروع ہوگا۔ یہ بات انٹری ٹسٹ تعارفی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یو ایچ ایس کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم افضل نے بتائی، انہوں نے بتایا کہ ٹسٹ کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے ہوگا۔ جو 220ملٹی پل چوائس سوالوں پر مشتمل ہوگا۔ 88سوال بیالوجی44وال فزکس58سوال کیمسٹری ،30سوال انگلش کے ہونگے۔ ٹسٹ کے مجموعی نمبر 1100ہوں گے۔ ہر درست جواب پر 5نمبر دیئے جائیں گے۔ اور غلط جواب پر 1نمبر کاٹ لیا جائے گا۔ امید وار کو ٹسٹ کے روز 1گھنٹہ قبل یعنی 8بجے سنٹر پر پہنچنا ہوگا۔ سوا آٹھ بجے سنٹر کو بند کردیا جائے گا۔ ٹسٹ میں کوئی امیدوار پاس یا فیل نہ ہوگا۔ بلکہ ان کے نمبروں کے حساب سے میرٹ کا تعین کیا جائے گا۔ سنٹر میں کسی قسم کا اسلحہ، موبائل فون، منی کمپیوٹر، کیلکو لیٹر، نصابی کتب لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امید وار آن لائن طریقے سے بنک اسلامی کے ویب لنک پر 10سے 28جولائی تک رجسٹریشن کراسکیں گے۔ اور انٹری ٹسٹ میں شرکت کیلئے بنک اسلامی میں 500روپے فیس جمع کروانی ہوگی انہوں نے کہا کہ سیلف سکورنگ سسٹم کے تحت امیدواروں کو دو جوابی کاپیاں دی جائیں گے۔ جن کے درمیان کاربن پیپر ہوگا۔ رنگین کاپی ایگزامینر کو جمع کرائی جائے گی۔ سادہ کاپی امیدوار ساتھ لے جا سکے گا۔ واضح رہے تمام امید واروں کے پرچوں پر سوالوں کی ترتیب ایک دوسرے سے مختلف ہوگی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر