مریضوں کی خدمت کو عبادت کا مقام حاصل ہے، ڈاکٹر لبنی صدیقی
کراچی ( پ ر) عید ملن پارٹی باہمی رابطوں اور خوشیاں مل باٹنے کا نام ہے ۔ اس تقریب کا مقصد محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایوارڈ یافتہ امراض نسواں کی معروف ڈاکٹر لبنی صدیقی نے کراچی نفسیاتی ہسپتال کے شعبہ خواتین میں منعقدہ عید ملن ایک شام مریضوں کے نام سے اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی خدمت اور عیادت کو عبادت کا مقام حاصل ہے خواتین ہمارے معاشرے کی تشکیل نو میں ایک اہم کردار ادا کر تی ہیں لیکن افسوس کہ وہ بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں۔کہیں غیرت کے نام پر کہیں انہیں اپنی انا کی تسکین کیلئے اسکی بلی دے دی جاتی ہے۔ مشکلات معاشی ہو ں یا معاشرتی نزلہ بیچاری خواتین پر ہی گرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زچگی کے دوران خواتین کے ساتھ گھر والوں کا حسن سلوک بہتر ہو تو مراحل آسانی سے حل ہوجاتے ہیں لیکن اگر گھر کے ماحول کی وجہ سے ڈیپریشن میں ہو تو زچگی میں مشکلات کے علاوہ وہ ذہنی تناؤ اور ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہوجاتی ہے۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ مایوسی کو خود پر طاری نہ ہونے دیں اور ٹھوکروں سے سبق حاصل کر کے آگے کی طرف بڑھیں ۔انہوں نے کہا کہ گھر والوں کو بھی چاہئے کہ وہ بلاوجہ تنقید طعنوں سے پرہیز کریں رشتوں کا ٹوٹ جانا جڑ جانا تو چلتا رہتا ہے بلاوجہ طعنے ڈانٹ ذہنی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اکثر بدنیت لوگ اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے کیلئے خواتین کو نشے کا عادی کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر تے ہیں۔ جو کہ انسانیت کا قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کراچی نفسیاتی ہسپتال کی مریضوں کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے حوصلہ افزائی اور علاج میں بھی مدد ملتی ہے تقریب میں ملی نغمے، لطائف، اور نعتیں پیش کر کے مریض خواتین ننے خوب داد وصول کی تقریب میں عید کیک کٹنگ کے بعد تحفے وتحائف بھی پیش کئے گئے۔