9جولائی کامعرکہ سرکر لیا تو عام انتخابات میں کامیابی بھی یقینی ہے :فاروق ستار

9جولائی کامعرکہ سرکر لیا تو عام انتخابات میں کامیابی بھی یقینی ہے :فاروق ستار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پی ایس 114کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کی جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں یوسی 4اورلیاقت اشرف کالونی میں الیکشن آفسوں کا افتتاح کیا جبکہ چنیسر گوٹھ میں بڑی کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطا ب کیا ۔ الیکشن دفاتر کی افتتاحی تقریبات اور کارنر میٹنگ میں علاقے کے نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار کو 9جولائی کے دن بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرانے کے عزم کااظہار کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان شاہد علی ، ابوبکر ، نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری اور رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی ،رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی ،اراکین کمیٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے الیکشن آفسوں کے افتتاح کی تقریبات اور کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس 114کی عوام کو یہ موقع دوبارہ مل رہا ہے کہ وہ اپنے اتحاد سے 9جولائی کو پتنگ پر نشان لگا کر حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں اور یہ ثابت کردیں گے کہ 4سال پہلے یہ سیٹ ہم سے چھینی گئی تھی ، 4سال بعد انہیں 9جولائی کو اپنا حقیقی نمائندہ مل جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ یہ ضمنی الیکشن سندھ کے شہری علاقوں کی آزمائش کے ساتھ ساتھ اتحاد کو بھی ثابت کرنے کا الیکشن ہے ، ہم نے یہ معرکہ سر کرلیا تو 2018ء کا الیکشن بھی ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ9جولائی کو سب کے منہ بند کردیں گے ، 2018ء میں جب وزیراعلیٰ ایم کیوایم کا ہوگا تو اس کاکریڈٹ پی ایس 114کی عوام کو دیاجائے گا ، مخالفین سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم حلوہ ہے اس کو آسانی سے کھا لیں گے لیکن 9جولائی کو یہ ثابت ہوگا کہ کل بھی ایم کیوایم لوہے کا چنا تھی اور آج بھی لوہے کا چنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9جولائی کو ایم کیوایم کرپشن سمیت حکومت کی دھلائی گے اور2018ء میں انشاء اللہ تعالیٰ سی ایم ہاؤس کی بھی دھلائی کرے گی ، ایم کیوایم نے کل بھی لوگوں کے دل جیتے تھے آج بھی لوگوں کے جیتے ہیں اور آئندہ بھی دلوں میں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ سے تمام بلدیاتی ادارے واپس لیں گے ،جمعہ کو جلسہ میں عوام کا سیلا ب ہوگا، انہوں نے کہ اکہ محمود آباد کے نوجوانوں کو کالجوں ، اسکولوں میں داخلے دیئے جائیں اور تمام عوامی مسائل حل کئے جائیں گے ۔ نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چنیسر گوٹھ کا نام بہت سنا ہے ، ہر کسی نے پتا نہیں کیا کچھ کہاکہ یہاں اڈے چلتے ہیں مگر جب میں آیا تو دیکھا یہاں خاندانی لوگ ہیں جنہیں صرف چند لوگوں نے بدنام کیا ہے ، میں کوئی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کرسکوں ، آپ کے چار سال ضائع ہوچکے ہیں ، ایک سال کیلئے اپنے نمائندے کو لازمی کامیاب رکروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں چھ سے نو مہینے میں وہ کام کرکے دکھاؤں گا جو پہلے نہیں ہوئے اگر میں نہیں کرپایا تو 2018ء میں عوام ہمیں ووٹ نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے قد سے بڑے سائن بورڈ بنوائے ہیں یہ کیسی سیاسی جماعت ہے کہ ان کا ایک بھائی چیئرمین ہے تو دوسرا بھائی سینیٹر ہے ۔انہوں نے کہا کہ چنیسر گوٹھ کی عوام کو کیا ملا ، اقتدار میں پیپلزپارٹی 9سال رہی اور چنیسر گوٹھ کی عوام کیلئے اس نے کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ چار سال چھوڑوں صرف نو مہینے دیدو ہم حلقہ کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیب زدہ لوگوں نے نیب کا قانون ختم کردیا ہے کیونکہ ان کو پتا ہے کہ انہیں ایک دو مہینے میں بھاگنا ہے۔رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ کی عوام باشعور ہے اور انشاء اللہ 9جولائی کوعوام حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کو بھاری کااکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں گے اور مخالفین کی منہ بند کردیں گے ۔