چکوال،پولیس کی کارروائی 7رکنی ڈکیت گروہ گرفتار
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پولیس چوکی بوچھال کلاں کے انچارج سب انسپکٹر بدرمنیر نے 7رکنی ڈکیت گروہ کوگرفتار کرکے لوٹا ہوامال اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا،تھانہ کلرکہار کے علاقہ میں رضوانہ ماچھی گینگ نے 9ماہ سے انت مچار کھی تھی اور علاقہ میں جرائم میں بے پناہ اضافہ ہوچکا تھا جس پر سب انسپکٹر بدرمنیر نے اس ڈکیت گروہ کا سراغ لگانے کے لیے جاسوسی کا خصوصی نیٹ ورک قائم کرکے اس گروہ کے تمام ارکان کو گرفتار کرلیاہے، ابتدائی طور پر ان ملزمان نے میانی، بھال، وائیں موڑ کلرکہار، جھامرہ اور اسلام آباد، لاہور موٹروے پر ڈکیتیاں کرنے کااعتراف کیا ہے تاہم پولیس نے تمام ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ سب انسپکٹر بدر منیر نے بتایا کہ رضوانہ ماچھی گینگ کا سرغنہ رضوان ولد رمضان ماچھی ہے جب کہ اس گروہ کے دیگر ارکان میں خاور حسین ولد سخاوت حسین قوم مصلی، بلال حسین ولد بدر منیر قو م مصلی، سیف الرحمان ولد محمد اقبال ، جابرحسین ولد خادم حسین شامل ہیں ۔ ان ملزمان کا تعلق قصبہ بھون اور بوچھال کلاں سے ہے اور اس گینگ کے تمام ارکان آپس میں قریبی عزیز ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ اور لوٹا ہوا مال بھی برآمد کرلیاہے ۔جب کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔