کراچی ،پی ایس 114،ایک ہفتے بعد بھی بارش کا پانی نہ نکالا جاسکا

کراچی ،پی ایس 114،ایک ہفتے بعد بھی بارش کا پانی نہ نکالا جاسکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے حلقہ 114 میں سیاسی جماعتیں انتخابی مہم تو چلا رہی ہیں لیکن کوئی بھی ووٹرز کو ریلیف دینے پر تیار نہیں ہے ۔کراچی میں بارش برسے ایک ہفتہ گذر گیا ہے لیکن اب تک حلقے کی حدود میں آنے والے علاقوں سے بارش کا پانی نہیں نکالاجاسکا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادل برس کر چلے گئے مگر انتظامیہ کئی روز بعد بھی سڑکوں سے پانی نہ نکال سکی ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اے ون کیٹیگری سوسائٹی ایڈمن سوسائٹی میں ابھی تک بارش کے پانی کی نکاسی ہی ممکن نہ ہوسکی ۔ مسلسل پانی جمع ہونے کی وجہ سے تمام سڑکیں کھنڈر بن گئی ہیں ۔علاقہ مکین کہتے ہیں کہ جب اے ون کیٹیگری سوسائٹی کا یہ حال ہے تو پسماندہ آبادیوں کا کیا حال ہوگا ۔ علاقے میں نو جولائی کو ضمنی انتخاب ہے جس کے لیے پورے علاقے کو سیاسی جھنڈوں سے سجایا گیا ہے لیکن مسائل حل کرنے سے کسی کو دلچسپی نہیں ۔ متاثرین کہتے ہیں کہ انتخابات ہوتے رہے ہیں اور لوگ جیتتے رہے ہیں لیکن ان کے مسائل نہ پہلے حل ہوئے نہ اب امید ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر