سی ڈی اے انتظامیہ فوری مزدوروں کے طے شدہ مطالبات حل کرے ،چوہدری یٰسین

سی ڈی اے انتظامیہ فوری مزدوروں کے طے شدہ مطالبات حل کرے ،چوہدری یٰسین

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس زیر صدارت اورنگزیب خان منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران اور سی بی اے کمیٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی ،اجلاس میں ایگزیکٹوکونسل کے ممبران نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کی قیادت پر مکمل اور بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہیں اور انکی بے مثال قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس سے آج سی ڈی اے کا مزدور پاکستان بھر میں ایک خوشحال اور مثالی مزدور کے طور پر پہچانا جاتا ہے ،انھوں نے اجلاس میں انتظامیہ کے نا مناسب اور جانبدارنہ رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسکی بھرپور مذمت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ میں اپنی پوری تنظیم کا بھرپور اعتماد کا اظہارکرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں ،انھوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مزدوروں کے مسائل افہام و تفہیم اور مذاکرات سے حل کیے ہیں لیکن دکھ کی بات ہے کہ آج کے اس جمہوری دور میں مزدوروں کے طے شدہ مسائل پر بھی انتظامیہ عمل درآمد نہیں کر رہی جس سے مزدوروں میں دن بدن بے چینی بڑھ رہی ہے اور مزدور فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں جس سے یقیناًموجودہ جمہوری حکومت کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں اور مسائل پیدا ہو رہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ دارلحکومت میں لاقانونیت کی انتہا ہو رہی ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ جانبدارنہ رویہ اختیار کر کے مزدوروں کا معاشی قتل کر رہی ہے اور موجودہ حالات میں اسلام آباد جیسا دارلحکومت کسی بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،انھوں نے اس اجلاس کی وساطت سے سی ڈی اے انتظامیہ سے گزارش کی کہ چودہ دن کے اندراندر ہم سے مزدوروں کے مسائل جن میں ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی ،وزیر اعظم پیکج کے تحت یتیم بچوں کی بھرتی اور مراعات پر عمل درآمد ،مسٹررول ملازمین کی 89 Daysپر منتقلی ،رولز 20کی بحالی ،پروموشن،نجکاری ،پلاٹوں کی الاٹمنٹ سمیت دیگر مسائل پر مذاکرات کرے اور تمام طے شدہ مطالبات پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کرے ورنہ سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) اپناجمہوری حق استعمال کرے گی اور مزدوروں کے حقوق کا ہر صورت دفاع کرے گی اور اگر اس شہر کا صنعتی امن تباہ ہوا تو اس کی تمام ترذمہ داری موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ پر ہو گی ،انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ریفرنڈم کے لیے ہر وقت تیار ہے لیکن مزدور دشمن ٹولہ اور انتظامیہ کے ٹاؤٹ ریفرنڈم سے راہ فراراختیار کر رہے ہیں جو ہر دور میں کسی نہ کسی سیاسی پارٹی کے پرچم تلے ریفرنڈم لڑتے ہیں اور وہ اپنی شکست سے خوفزدہ ہیں لیکن سی ڈی اے مزدور یونین اور سی ڈی اے کا مزدور ہر صورت میں انکو ریفرنڈم سے بھاگنے نہیں دیں گے اوران بہروپیوں کا چہرہ اس مرتبہ بھی ضرور بے نقاب کریں گے ،آخر میں ایگزیکٹوکونسل نے مزدوروں کے تمام مطالبات حل کرنے اوران پر عمل درآمد کرنے کے لیے چودہ دن کا نوٹس جاری کرنے کے حوالے سے قراردادمنظور کی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -