ضلع چکوال کا سیاسی منظرنامہ بڑی تبدیلی کی جانب بڑھنے لگا

ضلع چکوال کا سیاسی منظرنامہ بڑی تبدیلی کی جانب بڑھنے لگا

  

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع چکوال کا سیاسی منظر نامہ آہستہ آہستہ ایک بڑی تبدیلی کی طرف بڑھنے لگا ہے۔ مسلم لیگ ن کے اندر ہم خیالوں کے درمیان قریبی رابطے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے اندر سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے حوالے سے جو تحفظات ہیں اس کا بیڑہ رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال نے اٹھایا ہے اور اس وقت انٹی سردار کے حوالے سے میجر طاہر اقبال واضح طو رپر کھل کر سامنے آئے ہیں اور جنرل عبدالمجید ملک گروپ پوری طرح ان کے ساتھ ہے۔ نوجوان مسلم لیگی رہنما چوہدری سلطان حیدر اور ان کے والد محترم ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان اس تمام صورتحال کاجائزہ باریک بینی سے لے رہے ہیں اور ان کا موقف بڑا سیدھا سادھا ہے کہ پارٹی کی ہائی کمان نے میجر طاہر اقبال یا سردار غلام عباس جس کو بھی حلقہ این اے ساٹھ میں ٹکٹ دیا ہم اس کے ساتھ ہیں اور اس حوالے سے حیدر سلطان نے اپنی عوامی رابطہ مہم میں بھی دونوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے اور وہ براہ راست پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ اپنے رابطے مضبوط کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی اور میجر طاہر اقبال کے درمیان بھی سرد جنگ موجود ہے ، مہوش سلطانہ کا تکیہ شاہ مراد اور خانپور میں پھیرا بھی کئی سیاسی سوال اٹھا رہا ہے۔ بہرحال مسلم لیگ ن کے اندر 9پارلیمنٹرینز اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال کے درمیان ابھی تک کوئی ہم آہنگی دیکھنے میں نہیں آئی ہے اور چیئرمین ضلع کونسل کے الیکشن نے تو مسلم لیگ ن کو دو واضح دھڑوں میں تقسیم کر دیا تھا ۔ مگر حلقہ پی پی23کے الیکشن میں حمزہ شہباز شریف کی لاوہ میں آمد اور پارٹی ہائی کمان کی دلچسپی کی وجہ سے ایم این اے سردار ممتاز ٹمن اور ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے اپنے موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شہریار اعوان کو کامیاب کروایا مگر اس ضمنی الیکشن میں سردار غلام عباس کی افادیت مزید کھل کر سامنے آئی جب انہوں نے مسلم لیگ ق کی چند بڑی وکٹوں کو گرایا جبکہ دسمبر2016میں چیئرمینی کے الیکشن میں بھی انہوں نے اپنے 22چیئرمینوں کا پورا وزن مسلم لیگ ن کے نامزد چیئرمین طارق اسلم ڈھلی کے پلڑے میں ڈالا جس کی وجہ سے وہ ایم این اے میجر طاہر اقبال ، ایم این اے سردار ممتاز ٹمن اور ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے نامزد امیدوار ملک نعیم اصغر اعوان جو کہ ایم این اے میجر طاہر اقبال کے بھائی ہیں ان کو واضح شکست دی۔ سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ میجر طاہر اقبال کے کاغذ پارٹی کی ہائی کمان کے پاس گندے ہو چکے ہیں۔ سردار ممتاز ٹمن اور سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے اپنے کاغذ تھوڑے بہتر کر لیے ہیں بہرحال حلقہ این اے ساٹھ میں پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ شریف برادران نے کرنا ہے اور اسی ٹکٹ کا فیصلہ ضلع چکوال کی سیاست کا ٹرننگ پوائنٹ ہوگا اور اس ٹکٹ کے فیصلے کے سیاسی اثرات ضلع چکوال پر مرتب ہونگے۔ بہرحال آنے والے الیکشن میں ہر نشست پر کانٹے دار مقابلے ہونگے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -