ڈی پی او چکوال کی کھلی کچہری،شکایات کے انبار لگ گئے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعرات کے روز تھانہ نیلہ میں کھلی کچہرے کے دوران عوام نے شکایات کے دفتر کھول دیے۔ سینکڑوں کی تعداد میں سائلین نے مختلف محکموں کیخلاف اپنی شکایات درج کرائیں۔ ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ کی کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر بھی موجود تھے۔ پولیس کیخلاف شکایات پر ڈی پی او نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے جبکہ عوام زمینوں کے انتقالات اور محکمہ مال کی زیاتیوں کیخلاف پھٹ پڑے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے موقع پر ہی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے انکوائریاں کرانے کا حکم دیا۔ دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے ڈیڑھ سو کے قریب عوام نے شرکت کی اور کھل کر اپنی شکایات پیش کیں۔ زیادہ تر لوگوں نے اپنے اجتماعی مسئلے پیش کیے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ نیلہ کے ارد گرد علاقوں میں رات کو پولیس کا گشت بڑھایا جائے۔ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان اور مال کی حفاظت کی ضامن ہے اور ضلع چکوال میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور عوام کے جان اور مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے بھی واضح کیا کہ تمام سرکاری محکمے عوام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں اور عوام کی مشکلات میں اضافے کی بجائے ان کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔