عرب دنیا میں کشیدگی باعث تشویش ہے: لیاقت بلوچ

عرب دنیا میں کشیدگی باعث تشویش ہے: لیاقت بلوچ

ملتان(جنرل رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاکہ عرب ممالک میں سفارتی تعلقات پر کشیدگی مسلم امہ کے لیے بڑی پریشانی کا باعث بن گئی ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب اور اسرائیل کے بعد منفی اثرات برآمد ہورہے ہیں ۔ ترکی کے صدر نے حالات کی بہتری کے لیے درست سمت میں پیش رفت کا اعلان کیاہے ۔ ترکی اور پاکستان مل کر سفارتی تعلقات کی کشیدگی اور خطہ کی صورتحال میں سعودی عرب اور ایران تعلقات کی دوریاں ختم کرانے کے لیے کردار ادا کریں وگرنہ حالات بڑی تباہی کا شکار ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس امر پر یکسو اور ڈٹی ہوئی ہے کہ عدلیہ کی آزادی پر حرف نہیں آنے دیا جائے گا ۔ احتساب سے بچنے کے لیے کرپشن کے ماہرین اور کرپٹ مافیا حالات کو کشیدگی کی طرف لے جانا چاہتاہے لیکن میڈیا ، عوام اور عدلیہ ان سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔ پانامہ لیکس کیس منطقی انجام تک پہنچانا ملک و ملت اور غریب عوام کے نصیب اچھے بنانے کے لیے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جمائما خان آئیں یا قطری شہزادہ نہ آئیں ، تمام مقدمات کا قانون ، آئین اور ضابطہ کے مطابق انصاف اور غیر جانبداری کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر