سانحہ احمد پور شرقیہ کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے، حکومت تحقیقات کررہی ہے: مولانا فضل الرحمٰن

سانحہ احمد پور شرقیہ کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے، حکومت تحقیقات کررہی ہے: ...

  

ملتان، احمد پور شرقیہ(جنرل رپورٹر، سٹی رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (ف) پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ نے صرف احمد پور کو نہیں بلکہ پورے پاکستان کو سوگوار کیا، صوبہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈویثرن میں برن یونٹ کا نہ ہونا قابل تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد پور شرقیہ میں سانحہ کے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یوآئی (ف) کے قائم مقام صوبائی امیر مولانا اقبال رشید، سابق صوبائی امیر مولانا رشید احمد لدھیانوی، صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی مظہر شاہ اسعدی، ضلع ملتان کے امیر حافظ محمد عمر شیخ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم غم میں برابر کی شریک ہے، تاریخی حیثیت رکھنے والے بہاولپور میں برن یونٹ کے قیام کے لیے اسمبلی میں آواز بھی بلند کروں گا اور پنجاب حکومت کو بھی سفارشات کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حادثہ حادثہ ہوتا ہے اسے سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے، حکومت اس حوالے تحقیقات کرارہی ہے، سب کو ہمدردی کے جذبہ سے کام لینا چاہئے۔ سانحہ احمد پور شرقیہ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انکوائری کمیٹی تحقیقات مکمل کرچکی ہے، یہ سیاسی معاملہ نہیں ہے جسکے لئے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں ابھی بھی بہت سے لوگ لاپتہ ہیں، ٹرک ڈرائیور میرے علاقہ کا تھا کل اسکا جنازہ پڑھ کرایا ہوں۔ ہمیں اپنی رائے قائم کرنے کی بجائے حکومتی تحقیقات کے مکمل ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سب کی ماں باپ ہے، متاثرین کی امداد اور معاونت کرنا حکومت کا فرض ہے، سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کے حوالے سے حکومت نے مالی امداد کا اعلان کرکے اچھا اقدام کیا۔ قبل ازیں مولانا فضل الرحمٰن نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے ایصال ثواب کے لیے مغفرت کی دعا بھی کرائی۔ اس سے قبل مولانا فضل الرحمٰن جب ملتان سے احمد پور شرقیہ جاتے ہوئے ستلج پل پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ دریں اثناء مولانا فضل الرحمٰن گزشتہ شب واپس ملتان پہنچ گئے، وہ آج لاہور کے لئے روانہ ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے لواحقین سے پکی پُل بستی رمضان جوئیہ پہنچ کر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت ، بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -