نیو کراچی انڈسٹریل ایریامیں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ زمین بوس، آگ پر قابو پالیا گیا

نیو کراچی انڈسٹریل ایریامیں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، ...
نیو کراچی انڈسٹریل ایریامیں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ زمین بوس، آگ پر قابو پالیا گیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے باعث فیکٹری کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جبکہ اس آگ نے قریبی 2 فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، فائر بریگیڈحکام نے تین گھنٹے کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق علی الصبح کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں گیس بھرنے کے باعث آگ لگ گئی۔ جب فیکٹری میں آگ لگی تو اس کی چھت پر 6 سے 8 مزدور سو رہے تھے جو بروقت فیکٹری سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم تنگ گلیوں کے باعث انہیں امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑاجس کی وجہ سے آگ زیادہ پھیل گئی اور اس نے قریب ہی موجود ایک تولیہ بنانے والی فیکٹری اور ایک دھاگہ بنانے والی فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت کی باعث فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیوں اور 2 واٹر باﺅزرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور لگ بھگ تین گھنٹے کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو حکام نے رہائشیوں کو عمارت کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ فیکٹری کا ایک حصہ تو پہلے ہی گر چکا ہے اور اب دوسرا حصہ گرنے کا بھی خدشہ ہے جس کے باعث لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید :

کراچی -اہم خبریں -