جے آئی ٹی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے: شاہد خاقان عباسی

جے آئی ٹی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے: شاہد ...
جے آئی ٹی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے: شاہد خاقان عباسی

  


راولپنڈی (این این آئی)وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے ۔ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف آمریت کے دور میں بنائی جانے والی کئی جے آئی ٹی کا سامنا کرچکے ہیں لیکن آج تک کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ ہمیں کسی قسم کی کوئی شرمندگی نہیں یہ حکومت اپنا وقت پورا کرے گی۔وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ رواں برس نومبر میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی ،رواں برس 11000 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی ،ملکی ترقی کا عمل اسی طرح جاری رہا تو پاکستان دنیا کی 20بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا ،گیس کے نئے کنکشن بھی کھول دیئے گئے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور حکومت میں توانائی کے بے شمار منصوبے شروع کیے ،گذشتہ حکومتوں نے توانائی بحران کے خاتمے کی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں ۔

ملکی ترقی کے متعدد پراجیکٹس جاری ہیں جن کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ،ایک ایسا ملک جو دیوالیہ پن کے قریب تھا صرف چار برس کے عرصہ میں اس کی معیشت عروج پر پہنچنے کو ہے ،پاکستانی معیشت ابھرتی معیشت ہے ،اس موقع پر ایم این اے ملک ابرار ،میئر راولپنڈی سردار نسیم ،ایم پی اے ملک افتخار ، ضیاء اللہ شاہ ،ملک شکیل اعوان ملک مقبول ،شازیہ رضوان ،زیب النساء اعوان ،انجمن تاجران عابد مجید روڈ کے صدر چوہدری اظہر ،ملک منیر ،حاجی ظفر اقبال ،راجہ عرفان امتیاز ودیگر مسلم لیگی چیئرمین و راہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید : راولپنڈی