پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مانگا منڈی میں کارروائی، جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری سیل، 4 ہزار کلو تیار پلپ تلف کردیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مانگا منڈی میں کارروائی، جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری ...
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مانگا منڈی میں کارروائی، جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری سیل، 4 ہزار کلو تیار پلپ تلف کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے ہمراہ نواحی علاقے مانگا منڈی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری سیل کرکے اس کی تمام مشینری قبضے میں لے لی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے ہمراہ لاہور کے نواحی علاقے مانگا منڈی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے جعلی جوس اور پلپ تیار کرنے والی فیکٹری پکڑلی ۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سے 4 ہزار کلو تیار شدہ پلپ  اور گودا موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ فیکٹری کو پہلے بھی سیل کیا تھا جس کے بعد فیکٹری مالکان نے قانونی تقاضے پورے کیے اور یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ دوبارہ حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جوس تیار کریں گے۔ فیکٹری مالکان کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے کے بعد فیکٹری کو کھول دیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ فیکٹری نے اپنی پہلی روش برقرار رکھتے ہوئے پابندی ہٹنے کے بعد بھی جعلی جوس اور پلپ تیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ فیکٹری میں پلپ کی مقدار بڑھانے کیلئے کیمیکل اور رنگ کا استعمال کیا جا رہا تھا جس پر فیکٹری کو سیل کرکے اس کی تمام مشینری قبضے میں لے لی گئی ہے۔

مزید :

لاہور -