مریم نواز نے معزز جج کی ویڈیو جاری کرکے عدلیہ پر اُنگلی اُٹھائی فرانزک آڈٹ کرائینگے،وزراء

    مریم نواز نے معزز جج کی ویڈیو جاری کرکے عدلیہ پر اُنگلی اُٹھائی فرانزک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس کے بعد وفاقی وصوبائی وزرا ء نے اپنے ردعمل میں کہاہے کہ مریم نواز نے معزز جج کے حوالے سے ویڈیو جاری کر کے ایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر انگلیاں اٹھائی ہیں، یہ اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے، کسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسے ٹیپ کرنا قانوناً جرم ہے، دوسری بات یہ کہ مریم نواز نے جو ٹیپس پیش کیں وہ ٹیمپرڈ ہیں جن کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا کہ مریم نواز نے ویڈیو ٹیپ کا سہارا لے کر ہمدردیاں سمیٹنے اور (ن) لیگ کی گرتی ساکھ کو بچانے کی بھونڈی کوشش کی۔'ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے معزز جج کے حوالے سے ویڈیو جاری کر کے ایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر انگلیاں اٹھائی ہیں، یہ اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے جبکہ ایسے اقدامات بغض پاکستان اور ملک سے عداوت کے مترادف ہے۔پہلے بات تو یہ ہے کہ کسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسے ٹیپ کرنا قانوناً جرم ہے، دوسری بات یہ کہ مریم نواز نے جو ٹیپس پیش کیں وہ ٹیمپرڈ ہیں جن کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ جج اور اداروں کے حوالے سے جو باتیں کی گئیں ان کی سچائی کیا ہے۔'ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزام لگانے والوں کے اپنے چہرے داغدار ہیں، مریم نواز ٹیپس کو عدالتوں میں لے جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ مبینہ ویڈیو میں جس شخصیت کو بطور ’سورس‘ ظاہر کیا گیا وہ ناصر بٹ ہے جو نواز شریف کا کاروباری رفیق اور قریبی دوست ہے، ناصر بٹ قاتل اور غنڈہ گینگ کا سربراہ ہے جو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہوجاتا ہے، ناصر بٹ 5 قتل کرنے کے بعد 20 سال تک لندن مفرور رہا جبکہ آڈیو ویڈیو ٹیپس کو ٹیمپر کرنے والوں کا سرغنہ جیل میں ہے۔فردوس عاشق نے کہا ہے کہ حجاج کوان کا حق لوٹانا عمران خان کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے،حاجیوں کی فی کس اخراجات میں کمی سے عازمین حج کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی،  روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شمولیت پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس منصوبے میں پاکستان کی شمولیت سعودی قیادت کا وزیراعظم عمران خان پر اعتماد اور پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا اظہار ہے۔ مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھتیجی نے اپنے چچا کو کونے میں لگا دیا۔ شہباز شریف آج بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے تھے۔ ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے لندن میں عیاشی کرنے والا اسحق ڈار، شہباز شریف کا داماد، ان کا بیٹا سلمان شہباز ملک سے باہر بیٹھے ہیں،یہ لوگ پاکستان میں آ کر اپنی بے گناہی کیوں ثابت نہیں کرتے۔ یہ لوگ ابھی بھی بے گناہ ہیں تو مقدمات کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔دوسری طرف تاجروں کے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں کے تحفظات دور کریں گے، چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی گورنر ہاؤس میں تاجروں سے ملیں گے، تمام مسائل حل کریں گے، تاجروں کی ایک ایک بات سنیں گے اور اس پر ورک آؤٹ کریں گے۔ مینو فیکچررز، ٹریڈرز پر جو بوجھ آیا اس مسائل کے حل کریں گے اور سب کو یقین دلاتا ہیں حکومت تاجروں کیساتھ لے کر چلے گی۔ تاجروں کے بغیر ملکی معیشت نہیں چل سکتی، مارکیٹوں میں جو اعتراضات ہیں ان کا ازالہ کریں گے، تاجروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔علاوہ ازیں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل نے کہا ہے کہ بیگم صفدراعوان نیآج الف لیلیٰ داستان کی دوسری قسط سنائی، خودساختہ نوزائیدہ لیڈرکے ساتھ 60،60 سال کے بزرگ سیاستدان ڈرے بیٹھے تھے، اخلاق سے گری جماعت مبینہ طورپرچھپ کربنائی گئی ویڈیو کوفخرسے دکھاتی رہی۔ مراد سعید نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیلبری کوئین نے ایک مرتبہ پھر قوم کا وقت ضائع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ کیلبری کوئین کے پاس ”غیبی امداد“پہنچی تو میڈیا پر چلانے کی بجائے چیف جسٹس سے رجوع کرتیں۔ انہوں نے کہاکہ اپریل 2017 سے آج تک جتنے بھی ثبوت اس ٹبر نے پیش کئے وہ جھوٹے، جعلی اور شریف فونڈری میں تیار شدہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جعلی قطری خطوط، کیلبری فونٹ اور ڈاکٹرز کے فرمائشی خطوط کے علاوہ  ایک کاغذ کا ٹکڑا اس خاندان نے پیش نہیں کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما وزیر جنگلات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کی تاریخ ہے کہ انہوں نے اپنے باپ اور پارٹی کی ساکھ کا بیڑا غرق کر دیا‘ پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق نہ مشرف نہ کر سکے نہ جنرل ضیاء  پی پی پی  کا بیڑا غرق آصف زرداری نے کیا اور (ن) لیگ کا ستیاناس بیگم صفدر اعوان کے ہاتھوں سے ہوا ہے‘ انہوں نے آڈیو ویڈیو پیش کر کے  انتہائی گھٹیا قسم کی حرکت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ویڈیو کا صحیح فورم عدالت ہے، پریس کانفرنس نہیں، مریم نواز ویڈیو کو  استعمال کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کاایک عہدے دار جج کے گھرپربیٹھ کرکیا کررہا ہے.بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ اگر اس نوع کی چیزیں ہیں، تو خواجہ حارث کے ذریعے ہائی کورٹ لے جاتے، دیکھنا ہوگا کہ یہ ویڈیو کس وقت کی ہے.بیرسٹرشہزاداکبر نے کہا کہ اگر جج کے کردار پر سوال اٹھایا گیا ہے، تو ویڈیو کے فرق کو دیکھنا ہوگا، مریم صاحبہ کی پریس کانفرنس کا ماضی بھی ہے، مریم نوازنے جب ضمانت لینے کی کوشش کی، تو وہ مسترد ہوگئی.ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازخود ضمانت پر ہیں، پریس کانفرنس اورجلسے بھی کررہی ہیں، آخر کب تک یہ کھیل رہے گا، ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد کرنا چاہیے.ان کا کہنا تھا کہ نشے کی حالت میں کسی سے بات اگلوانے کے اینگل کوبھی دیکھنا چاہیے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا  افتخار درانی نے کہا ہے کہ نقل مارنے کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، جب جب مریم صفدر نے نقل ماری ہے تب تب پکڑی گئی ہیں، عدالتیں مریم صفدر کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیں،جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 بھی منظر عام پرلایا جائے، تاکہ انکی بچی کھچی حقیقت بھی سامنے آ جائے گی۔
وزراء کا ردعمل

مزید :

صفحہ اول -