پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگیں گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمری منظور کر لی 

  پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگیں گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمری منظور ...

لاہور(جنرل رپورٹر،آئی این پی) پنجاب میں اب نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگیں گی، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سمری منظور کر لی۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگانے پر عائد پابندی ختم کی جائے،وزیر اعلی پنجاب نے سیکرٹری معدنیات کی طرف سے بھجوائی گئی سمری منظور کر لی اور اب پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگیں گی، فیکٹریوں سے صوبے میں نئی سرمایہ کاری آئے گی اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا جبکہ مارکیٹ میں سیمنٹ کی قیمتیں بھی کم ہو جائیں گی۔دوسری جانب ایک اعلیٰ سطحی اجلا س میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں تربیت یافتہ نرسنگ فورس کیلئے نرسنگ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا  اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ ڈگری پروگرام کیلئے نجی شعبے کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی جبکہ صوبہ بھر میں پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیاں مشتہرہوچکی ہیں اوربھرتی جلد شروع ہوگی۔اجلاس میں نشترٹو کے منصوبے پر پیشترفت کا جائزہ،بجٹ اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صوبہ بھر میں ٹراما سینٹرز کے قیام اورایمرجنسی سروسز کو اپ گریڈ کرنے اورمحکمہ صحت میں روایتی فائل سسٹم کی بجائے ای فائلنگ کا نظام لانے کی تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے فوری طورپر متعلقہ فریقین سے سفارشات طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پرمحکمہ صحت کے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ چند ماہ میں ادویات کی فراہمی سے متعلق تمام تر شکایات کا ازالہ کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعہ کی رات گئے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا اورانتظامیہ کو شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار رات گئے اچانک سروسز ہسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے  سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔

 سمری منظور 

مزید : صفحہ اول


loading...