سندھ پولیس کو 6 ماہ میں دہشتگردوں کی 105 دھمکیاں ملیں
کراچی(کرائم رپورٹر)سندھ پولیس کو رواں سال گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشت گردوں کی 105 دھمکیاں ملی ہیں تاہم ملنے والی تمام دھمکیوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کی گئی دستاویز میں انکشاف ہوا کیاگیاہے کہ رواں سال کے 6 ماہ کے دوران سندھ پولیس کو 105 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے۔پولیس حکام کے مطابق موثر حکمت عملی کے ذریعے سندھ پولیس نے دہشت گردوں کے تمام منصوبے ناکام بنا دیئے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں دھمکی دینے والے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، نیز ان ملزمان کے خلاف کارروائی اور مزید گرفتاریاں جاری ہیں۔پولیس دستاویز کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے 31، راء اور این ڈی ایس کی طرف سے 8 اور کالعدم بی ایل اے سے 5 مرتبہ دھمکیاں ملیں، دھمکیاں دینے والوں میں داعش اور القاعدہ برصغیر بھی شامل ہیں۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 6 ماہ میں 21 خود کش حملے ناکام بنائے گئے، 8 آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنائی گئیں، پی ایس ایل کے موقع پر 4 مرتبہ حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان دہشت گردوں کا ٹارگٹ غیر ملکی قونصل خانے، سیاسی شخصیات اور اقلیتی برادری تھی۔