جتنی گیس کا استعمال اتنا ہی بل ادا کرنا ہو گا، ندیم بابر ملک
لاہور(آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے وزارت پٹرولیم ندیم بابر ملک نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں سے متعلق وضاحت دیدی، گزشتہ روز سوئی گیس نادرن کمپنی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا سردیوں میں جو گیس زیادہ استعمال کرے گا، اسے اسی کے مطابق بل ادا کرنا ہو گا۔عوام کو سردیوں میں گیس کے کم سے کم استعمال کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ گیس چوری کو روکنے کیلئے ہوم ورک کر لیا ہے۔ انڈسٹریل سیکٹر میں گیس چوری صرف ایک سے ڈیڑھ فیصد رہ گئی ہے جبکہ ڈومیسٹک سائٹ کو بھی کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ ندیم بابر ملک کا کہنا تھا اگلے دو سال کا پلان تیار ہے جس میں گیس چوروں کیخلاف کارروائی سے لیکر پرانی پائپ لائنز میں تبدیلی بھی شامل ہے۔ سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کرنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ یاد رہے اس سے قبل گزشتہ ماہ ای سی سی نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں کو بڑھانے کی منظوری دی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس 190فیصد مہنگی کر دی گئی تھی، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں کے 5سلیبر مقرر کر دئیے گئے تھے۔ ر پو ر ٹ کے 50یونٹ گیس استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے قیمت 137روپے مقرر کی گئی۔ 100یونٹ استعمال کرنے پر گیس کی قیمت میں 647روپے کا اضافہ کیا گیا۔ 200 یونٹ استعمال کرنے پر ماہانہ بل میں 1704روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ دیگرکیٹگریز کیلئے گیس کی قیمتوں میں 31فیصد سے زائد اضافے کی منظوری دی گئی تھی جس پر صارفین نے تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم اب وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے وزارت پٹرولیم ندیم بابر ملک نے اس معاملے پر وضاحت پیش کر دی ہے۔
ندیم بابر ملک