حکومت ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے:شوکت یوسفزئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں کو بہتر بنانے اور ان میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں پشاور کے ہسپتالوں پر رش کم کرنے کے لیے دور دراز علاقوں میں ہیلتھ سنٹرز کو بہتر کئے جا رہے ہیں تاکہ وہاں بھی لوگوں کو طبی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں غریب عوام کے لیے صحت انصاف کارڈ کے ذریعے صحت سہولیات کو مفت کیا جارہا ہے نئے ہسپتال بنانے کی بجائے موجودہ ہسپتالوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا،سرکاری ہسپتال دوسرے ہسپتالوں کے مقابلے میں بہترین ہیں لیکن ان پر رش زیادہ ہوتا ہے۔وہ خیبر تدریسی ہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں نئے ایکو echo مشین کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کر رہے تھے۔ خیبر تدریسی ہسپتال کے بورڈ آف گورنر ممبر ڈاکٹر ندیم عالم، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹرنیک داد، ایکٹنگ میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد، انچارج کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر امبر اشرف اور ایچ ای اے سی پیشنٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شوکت یوسفزئی کو اس موقع پر ہسپتال میں نئے بلاک اور نئی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دے دی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے بلاک کے فنکشنل ہونے پر دلی خوشی ہے غریب عوام کی فلاح اور بہتری کے لئے جتنا ہوسکے گا کریں گے کیونکہ غریب لوگوں کے لئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک غریب نہیں تھا۔تیس سال تک حکومت کرنے والوں کی چوری اور کرپشن سے ملک کو مقروض کر دیا گیا ہے۔ غریب عوام کی حق سے اپنی تجوریاں بھریں۔ ملک کے تمام اداروں کو خسارے اور تباہ حال چھوڑا گیا۔ ملک میں مخلص لیڈرشپ کی کمی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان کی صورت میں ملک کو صحیح لیڈرشپ ملی ہے ہسپتالوں سمیت تمام اداروں کو بہتر کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف اور سہولیات ہر جگہ میسر ہوں۔ شوکت یوسفزئی نے ہسپتال کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ہسپتال طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ مریضوں سے بھی ملے اور مسائل اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔