احتساب عدالت کے جج ارشد ملک دراصل ناصر بٹ کو کس طرح جانتے ہیں ؟ اپنے موقف میں واضح اعلان کر دیا

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک دراصل ناصر بٹ کو کس طرح جانتے ہیں ؟ اپنے موقف میں ...
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک دراصل ناصر بٹ کو کس طرح جانتے ہیں ؟ اپنے موقف میں واضح اعلان کر دیا

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کہا ہے کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس میں پیش کی گئی ویڈیو فرضی اور جعلی ہے ، ارشد ملک نے ناصر بٹ سے پرانی شناسائی کی تصدیق بھی کردی۔تفصیلات کے مطابق رجسٹرار احتساب عدالت کے دستخط سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں فاضل جج نے مریم نواز کی پریس کانفرنس اور اس میں دکھائی جانے والی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران ان کے نمائندوں کی طرف سے بارہا نہ صرف رشوت کی پیش کش کی گئی بلکہ تعاون نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں جن کو میں سختی سے مسترد کرتے ہوئے حق پر قائم رہا ۔ اگر دباو یا رشوت کی لالچ میں فیصلہ سنانا ہوتا تو ایک مقدمے میں سزا اور دوسرے میں بری نہ کرتا، انصاف کرتے ہوئے شواہد کی بنا پر نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں سزا اور فلیگ شپ کیس میں بری کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی دباو نہیں تھا، مریم نواز کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو جعلی، مفروضی اور جھوٹی ہے، اس ویڈیو میں ملوث افراد کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کی جائے۔اس ویڈیو کے ذریعے مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے اور میری ذات اور میرے خاندان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی سازش کی گئی۔جج ارشد ملک کا کہنا تھاکہ میری ناصر بٹ سے پرانی شناسائی ہے ، ناصربٹ اور اس کا بھائی عبد اللہ بٹ مجھے سے بارہا مل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو میں گفتگو کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔میں نے جو فیصلے کئے وہ خدا کو حاضر و ناظر جان کر قانون و شواہد کی بنیاد پر کئے ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے محض ان کے فیصلوں کو متنازعہ بنانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے پریس کانفرنس کی۔

مزید : قومی


loading...