جج ارشد ملک جتنی پریس ریلیزیں دیں گے ،پھنستے جائیں گے ، مشاہد اللہ کا تہلکہ خیز دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنمامشاہد اللہ نے کہاہے کہ جج ارشد ملک صاحب جتنی بھی پریس ریلیزیں دیں گے ، پھنستے چلے جائیں گے ۔جیونیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ نے کہا کہ یہ ویڈیو جج صاحب کے گھر کی ہے ، یہ کہیں اور کی نہیں ہے اور جس بندے کے ساتھ یہ ویڈیو ہے ، وہ بھی ارشد ملک کادوست ہے اور اس کا بھائی بھی ان کا دوست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ملک ویڈیو کی بات کریں اور اس کا فرانزک کروائیں ، اگر جعلی ہوئی تو جج صاحب کا موقف ٹھیک ہوگا لیکن اگر ٹھیک ہوئی تو پھر کیا ہوگا ؟مشاہد اللہ نے کہا کہ نواز شریف کو اقامہ میں سزا دی گئی اور ساتھ لکھا کہ کوئی کرپشن نہیں کی، پانامہ میں میں باقی چار سو سے زائد افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ انتقامی کارروائی تھی ۔ان کا کہناتھا کہ حکومت اس ویڈیو کا فرانزک آڈٹ بالکل نہیں کروائے گی کیونکہ کل سے ناصر بٹ کے کنڈکٹ پر بات ہورہی ہے ، ویڈیو کافرانزک آڈٹ کروانے پر بات نہیں ہورہی ہے ۔