ہرکردار پسند کرنے پر شائقین کا شکرگزارہوں، احسن خان

ہرکردار پسند کرنے پر شائقین کا شکرگزارہوں، احسن خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر)کینیڈا کے نجی چینل سے وابستہ اداکارہ،ماڈل اور ہوسٹ مہوش خان کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خصوصی انٹرویو دینے ہوئے اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ اپنے پرستاروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہر کردار میں پسند کیا ہے، میرے نزدیک اصل فنکار وہی ہے جو کسی بھی طرح کے کردار کو حقیقت کے قریب تر ہو کر نبھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ثقافت کی پوری دنیا میں مثبت پہچان ہے اور میں نئی نسل کو یہی کہوں گا کہ اپنی ثقافت کو پس پشت نہ ڈالیں بلکہ جہاں بھی موقع ملے اس کے فروغ کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جانے کا اتفاق ہوا ہے اور میری بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کروں اور میں نے ہمیشہ اپنے کردار سے پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کرایا ہے۔ احسن خان نے کہا کہ نئے آنے والے اچھا کام کر رہے ہیں، جو لوگ ایک ایک سیڑھی چڑھ کر منزل کی طرف جاتے ہیں انہیں حاصل ہونے والی شہرت اور عزت دیرپا ہوتی ہے جبکہ شارٹ کٹ سے حاصل کی جانے والی عزت اور شہرت عارضی ہوتی ہے۔احسن خان کے انٹرویو کے حوالے سے مہوش خان کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی ہیں جن سے بات کرنے کا بہت مزا آیا۔مجھے اگر کسی اچھے ٹی وی ڈرامے میں کام کی پیشکش ہوئی تو میں ضرور قبول کرلوں گی۔

مزید :

کلچر -