دی ڈونکی کنگ کا انگریزی ورژن یو ایس اے اور یوکے میں ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز
لاہور(پ ر)دی ڈونکی کنگ' کا اب امریکہ اور برطانیہ میں بھی راج ہوگاجہاں پاکستان کی مقبول ترین انیمیٹڈ فیچر فلم انگریزی زبان میں ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز کردی گئی ہے۔پاکستان میں 2018میں ریلیز ہونے والی دی ڈونکی کنگ شہرت کے آسمان کا ایسا سورج بن گئی ہے جس کی روشنی کبھی کم نہ ہوگی۔ ملکی باکس آفس پر 25کروڑ روپے سے زیادہ کا ریکارڈ قائم کرنے والی یہ فلم 10ملکوں میں ریلیز ہوچکی ہے جن میں اسپین، کوریا، ترکی، رشیا اور یوکرین شامل ہیں۔حال ہی میں پاکستان میں اس کا ٹیلیویژن پریمئر ہوا جس نے ویورشپ کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹی وی پریمیئر بن گئی۔ اب اسے انگریزی زبان میں ڈب کردیا گیا ہے اور یہ یوایس اے اور یوکے میں طلب کرنے پر خصوصی طور پر ایمیزون پرائم ویڈیو پر حاصل کی جاسکتی ہے۔ڈونکی کنگ بنانے والے عزیز جندانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،"دنیا بھر میں دی ڈونکی کنگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کی تائید ہے کہ جب تحریر عالمی سچ (Universal truth)اوربصیرت پر مبنی ہوتو یہ جغرافیہ اور زبان کی قید سے بالا تر ہوجاتی ہے۔ یہ فلم اب تک دس سے زیادہ زبانوں میں ڈب کی جاچکی ہے اور جب میں نے اس کا انگریز ی ورژن دیکھا تو اتنا اچھا لگا کہ میں بھول گیا کہ یہ اصل میں اردو کی فلم ہے"کمرشل اور تنقیدی دونوں میدانوں میں کامیاب ہونے والی مووی منگو کی غیر معمولی کہانی ہے۔