اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کیخلاف درخواست پی ٹے اے کو بھجوا دی

  اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کیخلاف درخواست پی ٹے اے کو بھجوا دی

  

اسلام آباد(آئی این پی) ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کیخلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی، پی ٹی اے کل درخواست گزار کو سن کے فیصلہ کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پب جی گیم معطلی کیخلاف شہری عبدالحسیب ناصر کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ گیم ہے یا ویب سائٹ جس پر وکیل پی ٹی اے نے کہا یہ لنک ہے جس کو پی ٹی اے نے عارضی معطل کیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا اس میں کیا ایسا ہے جس کی وجہ سے آپ نے معطل کیا۔ وکیل پی ٹی اے نے کہا لاہور پولیس نے پب جی گیم کیخلاف ایک لیٹر لکھا جس میں خودکشیوں کا ذکر کیا گیا ہے اس کے علاوہ والدین کی جانب سے بھی ہمیں گیم بلاک کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا پی ٹی اے نے جو کچھ کرنا ہے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔ پی ٹی اے قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست پر تحریری فیصلہ کرے جب کہ پی ٹی اے درخواست منظور یا مسترد کرتے ہوئے متعلقہ قانون کا ذکرکرے۔ عدالت نے معاملہ پی ٹی اے کو بھجوا تے ہوئے درخواست نمٹادی۔

پی ٹی اے

مزید :

صفحہ آخر -