اٹھارویں ترمیم پر بات کرنا صدر کے منصب کے خلاف،اسفندیار

    اٹھارویں ترمیم پر بات کرنا صدر کے منصب کے خلاف،اسفندیار

  

پشاور(آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم ملک کی بقا و اوریکجہتی کی ضامن ہے جو بھی خود مختاری پر یقین رکھتا ہے وہ اس ترمیم کے خلاف بات نہیں کرے گا،سارے صوبے اس ترمیم سے مطمئن ہیں،سب کے مفاد اس سے وابستہ ہیں۔ پیر کو باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا کہ صدر کو اپنے عہدے کا خود احترام کر لینا چاہئے۔ اٹھارویں ترمیم پر بات کرنا صدر کے منصب کے خلاف ہے۔ صدر کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ سارے ملک کا سربراہ ہوتا ہے پھر بھی اگر ان کو شوق ہے تو وہ اپنے منصب سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عملی طور پر سیاست میں آجائیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ صوبوں کے منشاء کے خلاف بات کرنا صدر کے عہدے کو زیب نہیں دیتا۔ انہیں ہر حال میں صوبوں کے مفادات کا خیال رکھنا ہوتا ہے اور باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم رکھنی ہوتی ہے۔ اے این پی کے مرکزی صدر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے صدر کو اپنے منصب کا احساس ہی نہیں۔

اسفندیار

مزید :

صفحہ آخر -