وزیراعظم عمران خان ملکی استحکام کیلئے مافیا کیخلاف برسرپیکار ہیں: علی امین گنڈہ پور   

وزیراعظم عمران خان ملکی استحکام کیلئے مافیا کیخلاف برسرپیکار ہیں: علی امین ...

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے، روز گار کی فراہمی اور ملک کے استحکام کیلئے عمران خان مافیا کیخلاف جنگ کر رہا ہے، ماضی میں کشمیر کے مسئلہ کو سابق حکمرانوں نے پس پشت ڈالا، کشمیرکیمٹی کے چیئرمین نے صرف عیاشیاں کیں، مال بنائے لیکن عمران خان نے کشمیر کے مسئلہ کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا بھر میں عملی طور پر اجاگر کیا، انشا اللہ جلد کشمیر آزاد ہوگا، بھٹو نے کرسی کیلئے ملک کو توڑا لیکن افسوس کی بات بعض لوگ بھٹو کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، ڈیرہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کے کنٹرول کیلئے انڈر پاسسز اور اوور ہیڈ بریجز تعمیر کرنے کے منصوبے زیر غور ہیں۔باب ڈیرہ کی خوبصورتی کیلئے مزید کام کیا جارہا ہے، رات کے اوقات میں اس پر روشنی کا انتظام بھی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما خان امجد خان، نواز خان اور لطیف خان نیازی بھی موجود تھے۔ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے بجلی کے الگ سرکل کی منظوری ہوچکی ہے، اس کیلئے سٹاف بھرتی کیا جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا ائیر پورٹ ڈومسیٹک فلائیٹس کیلئے شروع ہوچکا ہوتا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال التوا کا شکار ہے، انشا اللہ جلد ڈومیسٹک فلائیٹس شروع ہوجائیں گی جس کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس کیلئے بھی کام کا آغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر نے اپنے سیاسی رقیب  مولانا مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  ماضی میں مولانا نواز شریف کو ڈیرہ میں جلسہ کیلئے لائے جہاں پر نواز شریف نے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے منصوبوں کی منظوری کا اعلان کیا جن میں سے ایک بھی منصوبہ عملی طور پر نہیں بن سکا، منصوبے فنڈز سے بنتے ہیں جس طرح ہم مقامی منصوبوں کیلئے فنڈز لائے ہیں۔ سوئی گیس کے مسئلہ کے حل کیلئے ہم کوٹہ بڑھانے کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں، سیاسی نمبر گیم کیلئے پائپ ہم بھی بچھا سکتے ہیں، تاہم ہم چاہتے ہیں کہ  مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ واپڈا گرڈٹو پر کام شروع ہے، اس مالی سال میں یہ گرڈ سٹیشن کام شروع کردیگا۔ پہاڑ پور گرڈ کیلئے اراضی خرید لی گئی ہے اس پر بھی جلد کام شروع ہوجائیگا، یارک کے مقام پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے صرف زمین خرید کر چاردیواری بنائی لیکن ہم نے وہاں پر عملی کام مکمل کیا۔ حالیہ بجٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان نے ہمارے مطالبے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں چلڈرن وارڈ کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے وہ ہر حال میں پورے کرینگے۔اگر ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے نہ کئے تو ووٹ کے حقدار نہیں ہونگے اور اگر ہم نے اپنے وعدے پورے کئے تو عوامفخر سے ہمیں ووٹ کی پرچی سے دوبارہ منتخب کرینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -