مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا: غلا م اسرار خان

  مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہاہے کہ انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے،شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تما م اہل ووٹرز کا درست اندراج او ر مستند فہرستوں کی تیاری پہلا اور اہم مرحلہ ہے۔ انہوں نے ان خیالات انتخابی فہرستوں میں مردوں اور خواتین ووٹرز کے فرق کو کم کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا،ورکشاپ میں پنجاب کے 6اضلاع کے متعلقہ ریجنل اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر افیئر ز اوردفتر صوبائی الیکشن کمشنر کے افسروں نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ ملک بھر میں اس وقت موجود ہ انتخابی فہرستوں میں مردو خواتین ووٹرز کے مابین 12.7 ملین کا فرق ہے، اس صنفی فرق کو ختم کرنا نہ صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بلکہ متعلقہ تمام اداروں بشمول نادرا اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس صنفی فرق کی وجوہات کو جاننے اور تمام اہل لوگوں بشمول خواتین کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کے لئے اس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ تصدیق کنندہ گان اپنے تفویض کردہ شمارتی بلاک کے ہر گھر میں جاکر خاندان کے سربراہ یا کسی ممبر کا نام، شناختی کارڈ نمبر، گھر کا پتہ اور دیگر کوائف لیکر اس کا اندراج رجسٹر میں کرائیگا۔ پائلٹ پراجیکٹ 31 اگست تک مکمل کیا جائیگا، اس پراجیکٹ کے لئے پنجاب کے 6(چھ)اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں صنفی فرق زیادہ ہے، ان میں سرگودھا کی تحصیل بھیرہ، فیصل آبادمیں تاندیانوالہ، شیخوپورہ میں صفدرآباد، بہاولنگر میں فورٹ عباس، ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلمان اور رحیم یار خان میں صادق آباد کے علاقے شامل ہیں۔
پائلٹ پراجیکٹ

مزید :

صفحہ آخر -