آپ کی جرات، شجاعت و عظمت کو قوم کا سلام

آپ کی جرات، شجاعت و عظمت کو قوم کا سلام

  

اسلام آباد، مظفر آباد (سٹاف رپورٹر) کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 21 ویں برسی آج بروز منگل منائی جائیگی، تفصیلات کے مطابق قوم کے عظیم سپوتوں اور افواج پاک کے افسر و جوان کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 21 ویں برسی آج ان کے آبائی علاقوں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے گاؤں نواں کلی اور گلگت بلتستا ن کے علاقہ غذر میں منائی جائیگی۔ وطن کے بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے مزار وں پر پھولوں کی چادریں چڑھانے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت و خودمختاری کے تحفظ کا عہد کیا جائیگا۔ وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حولدار لالک جان شہید(نشان حیدر) کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیااور کہا ہے کہ شیر خان شہید اور ان کے مٹھی بھر ساتھیوں نے مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوے مردانہ وار لڑکر قربانی پیش کی۔ قوم کو ایسے بیٹوں پر فخرہے جو اپنی جان کو دھرتی پر وار دیتے ہیں۔انہوں نے کہا شہید کرنل شیر خان اور حولدار لالک جان کی بہادری کا اعتراف خود دشمن ملک نے بھی کیا۔انہوں نے کہا آج کا دن پو ر ی قوم کو یہ پیغام دیتا ہے کہ سبز ہلالی پرچم کی حفاظت کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو کسی صورت بھی نہیں بھولنا اور اپنے اندربھی قربانی کا یہی جذبہ پیدا کرنا ہے۔ یاد رہے کار گل تنازع کے دوران 1999 ء میں لائن آف کنٹرول کے گلٹری سیکٹر میں کیپٹن کرنل شیر خان اور حولدار لالک جان نے دشمن کے آگے جھکنے کی بجائے شیروں کی طرح لڑتے ہوئے شہادت قبول کی۔

برسی

مزید :

صفحہ اول -