بلاول کا وفاقی حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا اعلان

  بلاول کا وفاقی حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا اعلان

  

لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی چینل کی بندش پر احتجاج کرنیوالے صحافیوں پر گو لیا ں چلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پیمرا کے سکیورٹی اہلکاروں نے صحافیوں پر گولیاں چلا کر ثابت کردیا میڈیا سے متعلق ان کی پالیسی کیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے آزاد فکر رکھنے والے غیرجانبدار اینکرز کو آف ائیر کروایا، صحافیوں کو ان کے اداروں سے نکلوایا تاکہ متبادل آواز عوام تک نہ پہنچ سکے۔ان خیالات کااظہاربلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی میڈیا میں حکمت عملی کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نیربخاری، فرحت اللہ بابر، اعتزاز احسن، شیری رحمان، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا، شازیہ مری، قمرزمان کائرہ سمیت تمام سینئر اورجونیئرقیادت شریک تھی۔ویڈیو لنک اجلاس میں ڈاکٹر آیت اللہ درانی، مرتضی بلوچ اور ڈاکٹر اعجاز احسن ودیگر کے جنت میں درجات کی بلندی کیلئے دعاکی گئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف میڈیا میں شائستگی کیساتھ جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پی پی پی پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات کے حوالے سے بھی میڈیا میں جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے۔ عوام تک درست حقائق پہنچنے کیلئے ضروری ہے کہ پی پی کا موقف شائستگی سے سامنے لایا جائے۔ پی پی پی قیادت اور رہنماؤں پر کبھی کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا، سب باعزت بری ہوئے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت و رہنماؤں پر کرپشن ثابت ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی کورونا وائرس کو نان ایشو بنانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔ اعدادوشمار اور حقائق گواہ ہیں پی پی حکومتوں کی کارکردگی دیگر حکومتوں سے بہت بہتر رہی ہے۔ جیالے رہنما میڈیا میں پی پی حکومتوں کی کامیابیوں، پی ٹی آئی حکومت کی معاشی ناکامیوں کو اجاگر کریں۔امید ہے اینکرز غیرجانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام فریقوں کا موقف سامنے لائیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اورجمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ چیئرمین پی پی پی اور سربراہ جے یو آئی (ف)کے درمیان عوام دشمن بجٹ پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا عمران خان حکومت جان بوجھ کرکورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کم کررہی ہے اور اعدادوشمار چھپا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وفاقی حکومت ٹِڈی دل کے معاملے کو بھی فراموش کرچکی ہے۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -