پنجاب میں آٹا مہنگا، وزیراعظم کا نوٹس، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، عوام کو گندم آتا پرانی قیمت پر فراہم کیا جائے: عمرا ن خان

      پنجاب میں آٹا مہنگا، وزیراعظم کا نوٹس، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے عام آدمی کو سستے آٹے، گندم کی کم قیمت اور بلا تعطل دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک تھے۔اجلاس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی ویڈیو لنک کے ذر یعے شریک تھے۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بنیادی اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات اور نتائج کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں صوبوں میں ضروری ادویات، اور آکسیجن کی سپلائی کو بلا تعطل ممکن بنانے کے حوالے سے بھی شرکا کو تفصیلی آگاہ کیا گیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے چینی اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈان کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اب تک 716 ٹن آٹا اور ایک ارب سے زائد مالیت کی 16008.5ٹن چینی بڑے ذخیرہ اندوزوں اور ڈیلر ز سے تحویل میں لی گئی ہے۔ انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے اقدامات کے نتیجے میں صوبہ میں چینی کی قیمت سب سے کم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے تنا ظر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف مزید موثر کارروائی کی ہدایت کی اور کہا ملاوٹ کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب کی طرف سے گندم کے حوالے سے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ گندم کی کم قیمت اور بلا تعطل دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے کوئی دقت درپیش نہ ہو۔ وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام کی سربراہی میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو گندم اور آٹے کے حوالے سے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں تمام صوبوں میں یکسانیت کیساتھ ساتھ ہر صوبے میں ضرورت کے مطابق مناسب سٹاک کو یقینی بنایا جائے۔ اس حکمت عملی کا محور کسان اور عام شہری ہوں کیونکہ ماضی میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو اس کے جائز منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو بھی زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا۔ ذخیرہ اندوزوں کو پکڑیں یا سبسڈی دیں، غریب کو سستا آٹا فراہم کریں۔ ہر حال میں آٹے کی قیمت پرانی سطح پر بحال کی جائے،دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے ٹائیگر فورس رضا کاروں کی خفیہ اطلاعات پر پنجاب میں چھاپے مار کر 16 ہزار ٹن سے زائد ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کر لی گئی۔برآمد کی گئی چینی کی قیمت 1.1 ارب روپے ہے۔ چینی شوگر ملوں اور پرائیویٹ مافیا نے سٹور کر رکھی تھی۔ ضبط کی گئی چینی مارکیٹ ریٹ کے مطا بق بیچی جائیگی۔اس کے علاوہ آٹے کا 716 ٹن غیر قانونی ذخیرہ بھی پکڑا گیا ہے جس کی مالیت 28 ملین روپے بتائی جا رہی ہے جبکہ 2 ہزار ٹن ذخیرہ کئے گئے چاول اور دیگر مصالحہ جات بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ذخیرہ شدہ چاول کی مالیت 330 ملین روپے ہے۔ بڑے کریک ڈاؤن میں 2 ارب روہے سے زائد کا سامان برآمد کیا گیا۔ پنجاب حکومت نے سامان تحویل میں لے لیا جسے اب مارکیٹ ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔چھاپوں اور برآمد شدہ سامان کی تفصیل سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے بروقت کارروائی پر پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری اور انتظامیہ کو شاباش دی۔قبل ازیں ممبران پنجاب اسمبلی جن میں مشیران وزیر اعلیٰ محمد حنیف خان پتافی، عبدالحئی، فیصل حیات جبونا اور معاونین خصوصی وزیرِ اعلیٰ سید رفاقت علی گیلانی، خرم سہیل خان اور جاوید اختر انصاری شامل تھے نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں ا پنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورتحال، متاثرین و مستحقین کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا اورحکومتی اقدامات کو سراہا، شرکاء نے جنوبی پنجاب کے وعدے کی تکمیل کی جانب عملی اقدام اٹھانے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم عمرا ن خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے، مافیا کیخلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، کورونا سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کیا جائے۔
وزیر اعظم

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) پنجاب میں آٹا بحران ٹل گیا،رات گئے فلورملز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے نتیجے میں حکومت نے گندم اجرا پالیسی میں ہونیوالی غلطی کو درست کا فیصلہ کرلیا۔چیئرمین فلورملز عاصم رضا نے کہا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ریٹیل قیمت 860 روپے ہوگی، جبکہ ایکس مل قیمت 837 روپے ہوگی۔فلورملز کو آبادی کی بنیاد پر کوٹہ ملے گا اور کم ازکم کوٹہ 13 بوری ہوگا۔ محکمہ خوراک کے مطابق سرکاری گندم سے 65 فیصد آٹا، 13 فیصد چوکر اور 22 فیصد میدہ تیار ہوگا۔ سینئر وزیر علیم خان کا کہنا تھا فلورملز ایسوسی ایشن کے چند تحفظات جائز ہیں جنہیں تسلیم کیا گیا، عوام کیلئے ارزاں نرخوں پر آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔بیس کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے مقرر، نئے نرخ کا اطلاق دو ماہ کیلئے ہوگا۔ محکمہ خوراک پنجاب نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی تمام شرائط مان لیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تین ماہ سے برقرار ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔ تاہم اس ڈیڈ لاک کے خاتمے نے شہریوں پر ایک اور مہنگائی بم گرا دیا ہے۔محکمہ خوراک پنجاب نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی تمام شرائط مانتے ہوئے 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 55 روپے کا اضافہ کرکے اس کی قیمت 860 روپے مقرر کر دی ہے۔نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت دو روپے پچہتر پیسے اضافہ ہوگا۔ اوپن مارکیٹ میں آٹا چالیس روپے پچیس پیسے کی بجائے 43 روپے فی کلو ملے گا۔ قیمتوں کا اطلاق اگلے دو ماہ کیلئے عارضی ہوگا۔مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں اپنا آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے تعینات ہونیوالے سیکریٹری خوراک نے رات گئے میٹنگ بلا کر تمام شرائط مان لی ہیں۔چیئرمین عاصم رضا نے بتایا کہ 20 کلو آٹے کا ایکس مل ریٹ 837، پہنچ 850 جبکہ ریٹئل پرائس 860 روپے ہوگی۔ تمام اضلاع میں سرکاری گندم کا کوٹہ یکساں دیا جائیگا۔دوسری طرف مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے انٹرسٹی بسوں کے کرائے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، نان اے سی بسو ں کا کرایہ 15 فیصد بڑھانے کی سمری کابینہ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے انٹرسٹی بسوں کے کرائے بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ نان اے سی بسوں کے کرائے بڑھانے کیلئے سمری کابینہ کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہے۔سمری میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں، کرائے بھی بڑھائے جائیں۔ لاک ڈاؤ ن ختم ہوتے ہی نان اے سی بسوں کا کرایہ 15 فیصد کم ہوا تھا۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ نان اے سی بسوں کا کرایہ 15 فیصد بڑھانے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ منظوری کے بعد کرایوں میں اضافے کا تعین ہو گا۔
مذاکرات کامیاب

مزید :

صفحہ اول -