ڈبلیو ایچ او تمام ملکوں کیلئے بلا امتیازی سفری قواعد و ضوابط وضع کرے: عمران خان

      ڈبلیو ایچ او تمام ملکوں کیلئے بلا امتیازی سفری قواعد و ضوابط وضع کرے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد،ہری پور (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ سرمایہ کاری ہے، ملک پر بوجھ نہیں پڑے گا۔تفصیلا ت کے مطابق آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے۔ منصوبے سے 700 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گئی جبکہ ملازمتوں کے 3 ہزار مواقع پیدا ہونگے۔منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا چین کی ترقی سے ہم نے بہت کچھ سیکھا۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کو بہت اوپر تک لے کر جائیگا۔ بدقسمتی سے ماضی میں سستی بجلی پر توجہ نہیں دی گئی۔ قرضوں کی ملکوں کو بڑی بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ ہم قرضہ لیکر پاور پراجیکٹ نہیں بنا رہے ہیں، یہ سرمایہ کاری ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری مختلف مراحل میں آگے بڑھ رہا ہے۔ آزاد پتن ہائیڈرو پاور منصوبہ سی پیک کا پراجیکٹ ہے۔ ہماری ترجیحات کلین انرجی ہے۔ اس سے ماحولیات پر بھی اثر نہیں پڑے گا۔ 90ء کی دہائی کے بعد مہنگی بجلی کا اکانومی پر بہت اثر پڑا۔ ہائیڈرو پاور منصوبے کی بجلی سے بہت فائدہ ہوگا۔ مہنگی بجلی سے انڈسٹری کو نقصان ہوا، ہر شعبے پر فرق پڑا۔ درآمدی تیل سے عوام کو بجلی کی بڑی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔ خوشی ہے اب بجلی پاکستان میں موجود پانی سے بنے گی، ان منصوبوں سے ہمارے کلین اور گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔دریں اثناء پیر کے روز نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں مقامی طورپر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پہلے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا این آر ٹی سی پاکستان میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز تیار کرنیوالا پہلا ادارہ بن گیا ہے، یہ ایک تاریخی کامیابی ہے، پاکستان خود انحصاری کیساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتو ں سے استفادہ کرنے کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے، اب ہماری توجہ کا محورشعبہ صحت میں جامع اصلاحات ہوں گی۔عمران خان نے وینٹی لیٹرز کی مقامی سطح پر تیاری پرنیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور وزار ت سائنس وٹیکنا لو جی کی تعریف کی اور کہایہ پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ہے، انہوں نے وینٹی لیٹرز تیارکرنیوالی پوری ٹیم کو مبارکباد دی، اس موقع پر ایم ڈی نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) نے وزیراعظم کو ادارے کی خدمات اور مصنوعات سے متعلق بریفنگ بھی دی۔تقریب میں وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیراعظم کے کووڈ۔19کیلئے فوکل پرسن فیصل سلطان، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔بعدازاں وزیراعظم نے وینٹی لیٹرز پراڈکشن یونٹ اور این آر ٹی سی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔بعدازاں وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹ میں کہاگیا کہ این آر ٹی سی کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز معیاری، سستے اور عالمی اداروں سے منظور شدہ ہیں۔ این آر ٹی سی ملک میں وہ واحد ادارہ بن چکا ہے جو مقامی سطح پر سیف ویٹ ایس پی 100کے نام سے وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، این آر ٹی سی نے مقامی وینٹی لیٹرز کے 15یونٹس تیار کر لیے ہے جبکہ این آر ٹی سی ماہانہ 250سے 300وینٹی لیٹرز بنانے کی صلا حیت رکھتا ہے۔
آزاد پتن معاہدہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کا عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ ہواہے جس میں کورونا کی صورتحال پر وبا سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم عمران خان کا ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر وبا سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کی مدد کے حوالے سے ڈبلیوا یچ او کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سہولیات کی فراہمی کیلئے سائنسی بنیادوں پر حکمت عملی اختیار کی ہے۔ دریں اثنا ء وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وز یراعظم عمران خان نے عالمی ادارہ صحت سے کہا ہے کہ تمام ملکوں کیلئے سفری قواعد وضوابط وضع کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقی پذیر ملکوں سے بین الاقوامی سفری معاملات میں امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔اسد عمر نے کہا عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا میں کمی آنے کے مثبت رجحان کا اعتراف کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہیلتھ کیئر کی سہولیات کی فراہمی کیلئے سائنسی بنیادوں پر اعداد و شمار پر مبنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ عالمی ادارہ صحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کیلئے سفری پابندیوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے، وزیراعظم نے کہا معمولات زندگی اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وبا کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی سفری پابندیوں کی ترقی پذیر ممالک کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کیلئے سفری پابندیوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔ اعدادوشمار کی بنیاد پر بلا امتیاز سفری قوائد مرتب کئے جائیں۔عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا کی وجہ سے سفر سے متعلق گائیڈ لائنز پر کام کر رہا ہے۔
وزیراعظم مطالبہ

مزید :

صفحہ اول -