بارشوں میں تمام ادارے ایک پیج پر الرٹ ہیں،سید ناصر شاہ

بارشوں میں تمام ادارے ایک پیج پر الرٹ ہیں،سید ناصر شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات،بلدیات،جنگلات، مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ برسات کے دوران اور بعد کی صورتحال سے نمٹناایک چیلنج اور متعلقہ اداروں کا امتحان بھی ہے، تاہم اس حوالے سے نمٹنے لے لئے تمام متعلقہ بلدیاتی ادارے بشمول کے ایم سی، ڈی ایم سیز، ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ بورڈ ایک پیج پر ہیں اور مشترکہ مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوعلی ہاؤس کراچی میں مختلف وفو د سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ کے احکامات پر متوقع زائدبرسات کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات لئے جارہے ہیں تاکہ صوبے کی عوام کو بارشوں کے حوالے سے کسی بھی مشکل، تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوام کو ریلیف اولین ترجیحات ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت نے کے الیکٹرک کو ہدایات دی ہیں کہ برسات کے دوران بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنایا جائے اور خاص طور پر واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ٰقرار دیا جائے۔وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے تمام متعلقہ بلدیاتی ادارے الرٹ ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی ادارے کے افسران کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ عملے اور افسران کو ڈیوٹی پر حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ نالوں کی صفائی کا کام مسلسل جاری رکھا جائے اور رفتار کو تیز کیا جائے، اور تمام متعلقہ مشینریز، آلات اور گاڑیوں کوتیار حالت میں رکھا جائے اور چوکنگ پوائنٹس خصوصا انڈر پاسز کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -