گھوٹکی میں گندم کی اسملنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری
میرپور ماتھیلو (این این آئی) ضلع گھوٹکی میں گندم کی اسملنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، گذشتہ دو روز کے دوران گندم سے بھری 25 ٹرک اور 3 ٹرالر تحویل میں لئے گئے. تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی و اسملنگ کے خلاف گذشتہ دو ماہ سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران ضلع کے مختلف فلور ملز اور گوداموں پر اسسٹنٹ کمشنرز نے چھاپے مارکر ذخیرہ کی گئی 7 لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کرکے محمکہ خوراک کے حوالے کی ہیں جبکہ ضلع گھوٹکی سے گندم کی اسملنگ کو روکنے کے لئے بھی ضلعی انتظامیہ کے ٹیمیں کوشاں ہیں اس سلسلے میں گذشتہ دو روز کے دوران گھوٹکی سے گندم سے بھری 25 ٹرک اور 3 ٹرالر کو پنجاب اسمگل ہونے سے روک کر میں تحویل میں لیا گیا جبکہ ملوث ذمہ داران کے خلاف پولیس اسٹیشن اوباوڑو پر مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔