آئی سی سی نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کب کیا جا سکتا ہے؟ شائقین کرکٹ کیلئے انتہائی افسوسناک خبر آ گئی

آئی سی سی نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کرنے کا باضابطہ ...
آئی سی سی نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کب کیا جا سکتا ہے؟ شائقین کرکٹ کیلئے انتہائی افسوسناک خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بڑھتے دباﺅ پر ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور جمعہ کے روز ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا باضابطہ فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے، انٹرنیشنل ایونٹ کے التواءسے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا راستہ صاف ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین میڈیا نے دعویٰ کیاکہ رواں برس اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کو باضابطہ طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کا باضابطہ اعلان 10 جولائی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کئے جانے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل کے رواں برس انعقاد کیلئے بھارتی بورڈ اس ونڈو کے حصول میں بھی کامیاب ہو جائے گا جس پر شروع سے ہی اس کی نظر تھی، اسی کی خاطر وہ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کے التوا کیلئے کوشش کررہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تشویشناک ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) یا سری لنکا میں کروایا جا سکتا ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے ستمبر میں محدود اوورز کے میچز کیلئے آسٹریلیا کا دورہ بھی کرنا ہے، ملتوی شدہ ٹورنامنٹ کو ابھی ری شیڈول کئے جانے کا امکان نہیں مگر کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی خواہش ہے کہ اسے آئندہ برس اکتوبر میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ملنا چاہیے اور 2021ءکا ایونٹ بھارت میں ہونا ہے لیکن بظاہر بی سی سی آئی کا میزبانی سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں لگتا،اس صورت میں آسٹریلیا کو میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے 2022ءتک کا انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

اگر آئی پی ایل رواں برس ہوئی اور آسٹریلین ٹیم ستمبر میں انگلینڈ جاتی ہے تو پھرکھلاڑی وہاں سے ہی براہ راست بھارت، یو اے ای یا سری لنکا آئی پی ایل میں شرکت کیلئے جا سکتے ہیں اور اس صورت میں وہ ڈبل قرنطینہ سے بھی بچ جائیں گے۔ دوسری جانب بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں مسلسل تاخیر سے تنگ آ کر اپنے ایونٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں، ارون دھمل نے کہاکہ اس سال کا آغاز ہی خوفناک انداز میں ہوا،کسی جانب سے کوئی اچھی خبر نہیں ہے،مگر ہمیں خود کو ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار رکھنے کی ضرورت ہے،کرکٹ بھی مختلف نہیں اس لئے بھارتی بورڈ نے بھی مستقبل کی تیاری شروع کردی ہے۔

مزید :

کھیل -