دینی مدارس تعلیمی ادارے ہیں خیراتی ادارے نہیں، وفاق المدارس نے پنجاب چیریٹی کمیشن کا قیام مسترد کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کردیں

دینی مدارس تعلیمی ادارے ہیں خیراتی ادارے نہیں، وفاق المدارس نے پنجاب چیریٹی ...
دینی مدارس تعلیمی ادارے ہیں خیراتی ادارے نہیں، وفاق المدارس نے پنجاب چیریٹی کمیشن کا قیام مسترد کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کردیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان قاری محمدحنیف جالندھری نے کہاہے کہ دینی مدارس تعلیمی ادارے ہیں خیراتی ادارے نہیں ،صوبے بھر کے مدارس پنجاب چیریٹی کمیشن کے تحت اپنے آپ کو ہر گز رجسٹرڈ نہ کروائیں، پاکستان کے تمام دینی مدارس محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے اور یہ تمام معاملات حکومت کے ساتھ طے پا چکے ہیں،قاری محمدحنیف جالندھری نےمرکزی علماءکونسل کےصاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی سےملاقات میں وضاحتی بیان جاری کردیا ۔

تفصیلات کےمطابق سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان قاری حنیف جالندھری سے معروف عالم دین اور جامعہ قاسمیہ کے مہتمم مولانا زاہد محمود قاسمی سے ملاقات کی اور ملک بھر میں دینی مدارس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر قاری حنیف جالندھری نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے حالیہ دنوں میں پنجاب چیریٹی کمیشن کا قیام عمل میں لایاگیاہےجس میں صوبہ بھرمیں کام کرنےوالی خیراتی تنظیموں اوراداروں کیلئے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن کروانا لازمی قراردیاگیاہے۔انہوں نے وضاحت کرتےہوئےکہا کہ پاکستان کےتمام دینی مدارس تعلیمی ادارےہیں اور معاشرے میں خالصتاً تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں،مدراس خیراتی ادارے نہیں،مساجد اور مدارس سوسائٹیز ایکٹ 1860 کے تحت رجسٹرڈ ہیں اور ہر سال اپنا آڈٹ بھی کرواتے ہیں،حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان کے درمیان معاہدہ ہو چکا ہے،اب مدارس محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب چیریٹی ایکٹ مدارس پر لاگو نہیں ہوتا،مدارس سے متعلقین دل جمعی کے ساتھ اپنے تعلیمی تسلسل کو جاری رکھیں،اس کا اطلاق ہسپتالوں، یتیم خانوں و مختلف این جی اوز پر ہوتا ہے،اتحاد تنظیمات مدارس اور محکمہ تعلیم کے درمیان معاہدہ کے پابند ہیں اور مدارس کی رجسٹریشن صرف محکمہ تعلیم ہی سے ہوگی۔

مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ کرونا وائرس کے ایام میں مساجد، مدارس نے مکمل احتیاطی تدابیر پر عمل کیا ہے،وفاق کی مجلس عاملہ نے طلباء کے سالانہ امتحانات کا جو فیصلہ کیا ہے اس کا ہم خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ کرونا وائرس سے متعلقہ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک بھر میں امتحان ہوں گےجس کے مثبت اثرات تعلیمی میدان میں مرتب ہوں گے۔

اس موقع پرصاحبزادہ محمد حنیف، قاری عبدالغفار، مولانا عبدالمنان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مولانا سید آصف شاہ بخاری ملتان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل خواجہ حنظلہ محمود، مرکزی علماء کونسل ملتان کے صدر قاری خضر حیات ساجد بھی موجود تھے۔انہوں نے جامعہ خیرالمدارس کے شیخ الحدیث حضرت مولانا منظور احمد کی وفات پر مولانا کے صاحبزادگان اور مولاناقاری محمد حنیف جالندھری سے اظہار تعزیت کی گئی اور مولانامنظور احمد کی دینی و علمی خدمات کو سراہا گیا۔