"میں کم آبادی کے بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں" ایلون مسک کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کا انکشاف، تعداد 9 ہوگئی

"میں کم آبادی کے بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں" ایلون مسک کے ...
سورس: Instagram

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ان کے بچوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ ٹیسلا کے بانی کاکہنا ہے کہ وہ کم آبادی کے بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق   ایلون مسک کے جڑواں بچوں کی پیدائش نومبر 2021 میں ہوئی تھی، ان کے یہ بچے ان کی نیورو لنک کمپنی کی اعلیٰ عہدیدار شوون زیلس کے بطن سے پیدا ہوئے ہیں۔ اپریل میں مسک اور زیلس نے اپنے جڑواں بچوں کے ناموں کے ساتھ والد کا نام لگوانے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔  ایک مہینے بعد ٹیکساس کے ایک جج نے اس درخواست کی منظوری دے دی تھی۔ 

جڑواں بچوں کی خبریں میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے اپنے منفرد انداز میں اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ کم آبادی کے بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اس وقت شرح پیدائش میں کمی  انسانی تہذیب کیلئے سب سے بڑا خطر بنی ہوئی ہے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ ایک حقیقت ہے۔

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ اس وقت مریخ کی آبادی صفر ہے۔ ایلون مسک نے اپنے فالورز سے کہا وہ امید کرتے ہیں کہ آپ کے خاندان بڑے ہوں گے اور جن کے پہلے سے بڑے خاندان ہیں انہیں مبارک ہو۔