محرم الحرام میں سکیورٹی کے انتظامات
ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز کے دفتر میں صوبے میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے اور اُنہیں حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اس میں پولیس کے اعلیٰ افسروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔ محرم الحرام کے دوران جہاں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی اہم ہے وہاں تمام مکاتب ِ فکر میں ہم آہنگی اور برداشت کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے نظریات و افکار کا احترام بھی ضروری ہے۔ اِس سلسلے میں علمائے کرام اور ذاکرین پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سوشل میڈیا پر چند لوگ اختلافی مواد شائع کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے تدارک کے لیے علماء کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اَمن و امان قائم کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے نَقص اَمن کے متمنی افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ محرم الحرام، حْرمت کا مہینہ ہے، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اِس میں لڑائی جھگڑا منع ہے، ہر کسی پر انتہائی محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا لازم ہے۔