حکمران خود مراعات سمیٹ رہے ہیں،عوام صحت،تعلیم سے محروم:نعیم الرحمٰن

حکمران خود مراعات سمیٹ رہے ہیں،عوام صحت،تعلیم سے محروم:نعیم الرحمٰن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        لاہور(خصوصی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ طاقتور طبقات کی نوجوانوں کی سوچ پر پہرے بٹھا کر انہیں دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،یقین ہے یوتھ ملک میں انقلاب برپا کرے گی، وطن کے نوجوانوجماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، ملک کو ظالم اشرافیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔اسلامیہ کالج پشاور یونیورسٹی میں بنوقابل پروگرام خیبر پختوانخوا کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران خود مراعات سمیٹ رہے ہیں، عوام کو صحت، تعلیم سے محروم کردیا گیا، تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس کی بھرمار کردی گئی، سوشل میڈیا پر پابندی ہے، پروفیشنلز ملک چھوڑ رہے ہیں، ہرسال چار ملین نوجوان بے روزگار ہوجاتے ہیں، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ بنوقابل پروگرام آئی سیکٹر میں انقلاب لائے گا، کراچی کے بعد کے پی میں پروگرام کا آغاز کردیا، آئندہ ایک دوسالوں میں دس لاکھ طلبا وطالبا ت کو فری آئی ٹی ٹریننگ دے کر روزگار کے قابل بنائیں گے، جماعت اسلامی ایک طرف فلاحی کام جاری رکھے گی، دوسری جانب عوام کے حق کیلئے پرامن مزاحمتی تحریک بھی چلائیں گے۔جماعت اسلامی کے بنوقابل پروگرام میں کے پی کے35اضلاع سے ہزاروں طلبا وطالبات نے ٹیسٹ دیا، کامیاب ہونے والے نوجوانوں کوآئی ٹی کی مفت ٹریننگ دی جائے گی۔ ٹیسٹ میں ضم شدہ قبائلی علاقوں سے بڑی تعداد میں سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ تقریب میں امیر کے پی پروفیسر ابراہیم،نائب امیر کے پی عنایت اللہ خان، صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی خالد وقاص اور دیگر قائدین بھی شریک ہوئے۔امیر جماعت نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے تحت سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے ایک لاکھ اساتذہ کو بھی ٹرینڈکریں، نصاب تیار کرکے اساتذہ کو فراہم کیا جائے گا تاکہ یہی ٹرینڈ اساتذہ آگے پچاس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر و آئی ٹی تربیت فراہم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی ایک سیاسی پارٹی اور الخدمت فاؤنڈیشن ایک این جی اور مل کر اتنے بڑے پیمانے پر یہ فریضہ انجام دے سکتے ہیں تو ملک کے عوام کا حکمرانوں سے سوال ہے کہ آپ کیا کررہے ہیں، مسلط ظالموں نے قوم کے بچوں کو نشہ کی لت میں مبتلا کیا، یہ منشیات کے اڈوں کو نہیں روک سکتے، نوجوان مایوس ہوکر ہتھیار اٹھاتے ہیں، بتانا چاہتا ہوں کہ مایوس نہ ہو ں، یہ شیطان کا ہتھیار ہے، اسلام اور پاکستان پر فخر کریں، فیملی سسٹم کو مضبوط کریں، والدین اساتذہ کا احترام کریں اوروسائل پر قابض طبقہ سے جان چھڑانے کیلئے جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں، انشا ء اللہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔

نعیم الرحمن

مزید :

صفحہ آخر -