پیپلز پارٹی نوشہر ہ کے زیر اہتمام 5جولائی کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی سیمینار
نوشہرہ (بیورورپورٹ) معروف قانون دان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر قاضی محمد انور ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ 5جولائی 1977کو ایک فوجی ڈیکٹیٹرجنرل ضیا الحق نے ملک میں ایک جمہوری اور آئینی حکومت گراکر آئین معطل کرکے جمہوریت پر شب خون مارا اورپاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر روک دیا تھا،اگر 1977کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ نہ کیا جاتا تو آج کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام نہ ہوتا،شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کو طاقت کا سر چشمہ قرار دیتے تھے وہ عقیدہ ختم نبوت کا مجاہد تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام 5جولائی کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا سیمینار سے پاکستان پیپلز پارٹی پشاور ڈویژن کے صدر مصباح الدین، ڈویژنل جنرل سیکرٹری میاں راشد علی شاہ کاکاخیل، پاکستان پیپلز پارٹی نوشہرہ کے صدر ادریس خٹک، جنرل سیکرٹری فلک ناز خان پی پی پی صوبائی کونسل کے رکن غلام ادریس، جمعیت علما اسلام نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری مفتی حاکم علی حقانی، عوامی نیشنل پارٹی کے تحصیل ناظم پبی غیور خٹک، عبدالصمد پراچہ، اور پی ایل ایف کے صوبائی صدر، آئی ایل ایف کے رہنما میاں نعمان الحق کاکاخیل ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعہ پر سابق خاتون ایم پی اے شازیہ طماش اور دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں، قاضی محمد انور ایڈوکیٹ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب 3نومبر 167کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تو انہوں نے اس ملک کے غریب، کسانوں،مزدوروں کے حقوق کے حصول کا نعرہ لگا دیا تھا اور اس صوبے کے عوام کو یہ عزاز بھی حاصل ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی تحریک کا اغاز اس صوبے سے ہی کیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ فوجی ڈیکٹیٹرز چاہے وہ ضیا الحق ہو، ایوب خان ہو، مشرف یا جنرل یحییٰ ہو ان کا نام لینے والا کوئی نہیں جبکہ بھٹو کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں بدقسمتی سے ہر پانچ سے دس سال بعد کسی فوجی امر نے آئین معطل کرکے جمہوریت کا گلہ گھونٹ کر رات کی رات کی تاریکی میں منتخب حکومت گرا کر مارشل لا نافذ کردیا جس کا خمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے کیونکہ فوجی امروں نے اس ملک کو دولخت کردیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو نہ اس ملک کیلئے جو کیا اس کی مثال کہیں نہیں ملتی کیونکہ انہوں نے ملک میں زرعی اصلاحات کئے، ملک کو متفقہ آئین دیا، جبکہ ملک کو ایٹمی قوت بنا کر حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنا دیا۔