سینیئر اداکار شتروگھن سنہا فیملی کے اندرونی معاملات میڈیا پر لانے پر برہم ہو گئے
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کے سینیئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے ان کی فیملی کے اندرونی معاملات کو میڈیا پر لانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شتروگھن سنہا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میری فیملی بھی عام بھارتی خاندان کی طرح ہے جس طرح ہر فیملی کے درمیان اختلافات پیدا ہوجاتے ہیں، اسی طرح میری فیملی میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔شتروگھن سنہا نے کہا کہ اگر میری فیملی کے افراد کے درمیان کچھ اختلافات چل رہے ہیں تو اس پر زیادہ شور مچانے کی ضرورت نہیں ہے، میرے خیال میں کسی سازش کے تحت میری فیملی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سینیئر اداکار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میرے بیٹے لُو سنہا نے اپنی بہن سوناکشی کی شادی میں شرکت نہیں کی تو یہ کوئی بڑی بات نہیں، خاندانوں میں تو اسے بھی بڑی بڑی باتیں ہوجاتی ہیں۔انہوں نے اپنی بیٹی کی مسلمان لڑکے کے ساتھ شادی کے حوالے سے کہا کہ صرف بالی ووڈ میں نہیں بلکہ اب تو پورے بھارت میں ہی اس طرح کی شادیاں ہورہی ہیں، مجھے امید ہے کہ ظہیر اپنی ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنائے گا اور میری بیٹی کو خوش رکھے گا۔
شتروگھن سنہا نے میڈیا کو خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر اب کسی نے میری فیملی پر تنقید کی یا میری فیملی کے بارے میں کوئی بات کی تو میں برداشت نہیں کروں گا۔