امریکی حکومت کی طرف سے کس ملک کے شہریوں کے ویزے کتنی شرح سے مسترد کیے جاتے ہیں؟
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حکومت کی طرف سے ویزہ کی درخواست مسترد کرنے میں دیگر عوامل کے ساتھ درخواست دہندہ کی شہریت کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ پاکستان کا شمار ان ممالک میںہوتا ہے، جن کے شہریوں کے ویزے امریکی حکومت کی طرف سے بڑی تعداد میں مسترد کر دیئے جاتے ہیں۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک فہرست سامنے آئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے کس ملک کے شہریوں کے ویزے کتنی شرح سے مسترد کیے جاتے ہیں۔
اس فہرست کے مطابق مناکو اور لیکٹینسٹین دو ایسے ممالک ہیں، جن کے شہریوں کی ویزہ درخواستیں 100فیصد منظور ہوتی ہیں اور انہیں بلاتعطل ویزے مل جاتے ہیں جبکہ شمالی کوریا اور مائیکرونیزیا دو ایسے ملک ہیں، جس کے شہریوں کی ویزہ درخواستیں 100فیصد مسترد ہوتی ہیں۔
پاکستانیوں کے ویزے مسترد ہونے کی شرح 40.82فیصد، افغانیوں کی 48.73فیصد، کینیڈین شہریوں کی 52.04فیصد اور ایران کی 53.26فیصد ہے۔ جن ممالک کے شہریوں کی ویزہ درخواستیں سب سے زیادہ منظور ہوتی ہیں ان میں اسرائیل، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، جاپان، ارجنٹینا، فرانس، میکسیکو اور اٹلی شامل ہیں۔
اسرائیل کے شہریوں کی ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کی شرح محض 3.30فیصد، متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی 4.18فیصد، سعودی عرب کے شہریوں کی 5.01فیصد، جاپانیوں کی 6.05فیصد، ارجنٹینا کے شہریوں کی 8.21فیصد، فرانسیسیوں کی 10.11فیصد، میکسیکو کے شہریوں کی 10.57فیصد اور اطالوی شہریوں کی 10.62فیصد ہے۔ بھارتیوں کے ویزے بھی صرف 10.99فیصد کی شرح سے مسترد ہوتے ہیں۔