پانچ سوروپے چوری کی سزاموت، میانوالی میں بابرخان سوانسی نے ملازم قتل کردیا
میانوالی(مانیٹرنگ ڈیسک)تحصیل عیسیٰ خیل میں پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار بابرخان سوانسی نے اپنے ملازم کو پانچ سوروپے چوری کے الزام میں تشدد کرکے ہلاک کردیا،لواحقین نے لاش میانوالی بنوں روڈ پر رکھ کر ٹریفک معطل کردی۔سردار بہادرخان المعروف بابرخان سوانسی نے اپنے دیگر ملازمین کے ہمراہ اپنے ملازم ملک محمد امیر پر پانچ سوروپے کی چوری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایااور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔اہل علاقہ نے لاش سڑک پر رکھ کر ٹریفک معطل کردی اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کامطالبہ کیا۔ڈی ایس پی ملک تنویر نے مظاہرے کے شرکاءکو مسجد میں حلف دیاکہ ملزمان کے خلا ف ایف آئی آرکٹ گئی ہے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔