پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کیمپ آفس کے خلاف تحریک التواء

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی ثمینہ خاور حیات نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مینار پاکستان کیمپ آفس کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواءجمع کرادی ہے۔تحریک التواءمیں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے علاقہ کو سیل کیا ہوا ہے جس سے شہریوں کو وہاں سے گزرنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔متن کے مطابق مینار پاکستان ایک تفریحی مقام ہے جہاں لاہورکے علاوہ دوسرے شہروں سے بھی لوگ سیروتفریح کے لیے آتے ہیں جن کو وہاں جانے نہیں دیا جاتا،مینار پاکستان کے گردونواح کی پبلک ٹرانسپورٹ اور رکشہ وغیرہ کو سخت جانچ پڑتال کے بعد گززنے دیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ثمینہ خاور حیات نے کوہستان واقعے کے خلاف بھی قرارداد جمع کرائی ہے اورکہا ہے کہ اس واقع میں ملوث ملزمان کو قانو ن کے کٹہرے میں لایا جائے۔