دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے نئی راہیں تلا ش کر رہے ہیں :حنا کھر

اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر عالمی دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے نئی راہیں تلاش کر رہا ہے۔انسداد دہشتگردی کے عالمی فورم کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری حکومت جرائم سے متعلق عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے انتھک کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے فورم کے اجلاس کے انتظامات پر ترکی کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر میں نیویارک میں فورم کے آغاز سے لے کر اب تک گلوبل کاﺅنٹر ٹیررازم فورم کے سرگرمیوں نے مسئلے کے مختلف پہلوﺅں کا احاطہ کیا۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ رکن ملکوں نے جرائم سے متعلق عدالتی نظام قانون کی حکمرانی اور پرتشدد انتہا پسندی کے واقعات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے بری طرح متاثرہ ملکوں میں سے ایک ہے جبکہ پاکستان نے اپنے معاشرے سے اس لعنت کا خاتمہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرائم سے متعلق عدالتی نظام میں بہتری لانے کے لیے اپنے اتحادی ملکوں سے مل کر تعاون کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے۔