جنوں بھوتوں کی کہانیاں بچوں کیلئے خطرناک
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بچوں کو حیرات و پریشان اور خوفزدہ کر دینے والی جنوں اور پریوں کی کہانیاں سنانا ہمارے ہاں ایک عام بات ہے اور ہم سب نے اپنے بزرگوں سے یہ کہانیاں سنی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ سائنسدان، محقق اور دانشور رچرڈ ڈاکنز کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کو اس قسم کی کہانیاں سنانا ان کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے اور نہ صرف ان میں خوف و ہراس اور نفسیاتی مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے بلکہ انہیں جاہلانہ باتوں اور توہم پرستی جیسی بیماریوں کا شکار بنا دیتا ہے۔ یہ کہانیاں بچوں کی شخصیت پر دور رس منفی نتائج مرتب کرتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکنز کا کہنا ہے کہ بچوں کو ایسی کہانیاں نہیں سنانی چاہئیں جن میں شہزادیوں کو اٹھا لے جاتے ہیں اور شہزادے مینڈکوں میں بدل جاتے ہیں یا جن میں لمبے لمبے دانتوں والی خوفناک چڑیلوں کا ذکر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے ننھے بچوں کو ایسی کہانیاں سنائیں جن میں وہ باتیں ہوں جو عقل کے قریب ہوں اور جدید دنیا سے ہم آہنگ ہوں تاکہ ہمارے پیارے بچے بڑے ہو کر پراعتماد اور مثبت شخصیت کے مالک بنیں۔